ٹیکس نفاذ کے خلاف انجمن تاجران پاکستان کی اپیل پر ملک بھر میں تاجروں کی ہڑتال


اضافی ٹیکس اور اس حوالے سے حکومتی پالیسی کے خلاف انجمن تاجران پاکستان کی کال پر ملک بھر کے تاجر ہڑتال کررہے ہیں۔

کراچی، لاہور اور پشاور سمیت مختلف شہروں میں تاجروں نے کاروبار جزوی طور پر بند کررکھے ہیں اور مطالبات پورے ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

سینیئر نائب صدر انجمن تاجران سندھ نے آج صوبے بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی بجٹ نے غریب عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، آج کی ہڑتال وفاقی حکومت کو آئنیہ دکھا دے گی۔

کراچی میں انجمن تاجران، تاجر ایکشن کمیٹی اور صدر طارق روڈ الائنس کی کال پر آج مارکیٹیں بند رہیں گی جب کہ شہر کی چھوٹی بڑی دکانیں بھی بند ہیں۔

کراچی میں انجمن تاجران، تاجر ایکشن کمیٹی اور صدر طارق روڈ الائنس کی جانب سے آج مارکیٹس بند رہیں گی—. جیو نیوز/اسکرین گریب

سندھ میں ٹھٹھہ، نوابشاہ، حیدرآباد، گھارو، دھابے جی، گجو، مکلی اور میرپور ساکری میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے جب کہ ہڑتال کے باعث کراچی، حیدرآباد اور سکھر جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند ہیں۔

گوجرانوالہ، ساہیوال، ہڑپہ، چیچہ، وطنی، نوشہرو فیروز، وہاڑی، میاں چنوں راولپنڈی، خانیوال، غلہ منڈی اور  سبزی منڈی میں بھی بازار مکمل طور پر بند ہیں۔

قصور، راجن پور اور شورکٹ میں بھی انجمن تاجران کی جانب سے ٹیکسز کےخلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔

ملتان میں آل پاکستان انجمن تاجران، ٹریڈرزالائنس، چیمبر آف اسمال ٹریڈرز کی جانب سے ہڑتال کی کال پر کاروبار بند ہے۔

ملتان کے علاقے گھنٹہ گھر،حسین آگاہی،گلگشت، ممتازآباد، گلشن مارکیٹ میں تمام دکانوں پر تالے ہیں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تاجر برادری کی جانب سے ٹیکسس میں اضافے کے خلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال جاری ہے۔

 مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے، تاجر برادری—. جیو نیوز/ اسکرین گریب

نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، سوات، ایبٹ آباد، ہری پور، ٹانک اور حویلیاں میں بھی پاکسان انجمن تاجران کی کال پر مارکیٹیں اور چھوٹی بڑے کاروباری مراکز بند ہیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ٹیکسز کےخ لاف تاجروں کی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے جس کے باعث آبپارہ، سپر، جناح سپر،م یلوڈی، کراچی کمپنی، جی ٹین اور جی الیون سیمت تمام کاروباری مراکز بند ہیں۔

دوسری جانب لاہور میں ہڑتال کے معاملے پر تاجربرادری دو حصوں میں تقسیم ہوگئی، اور انجمن تاجران اور پاکستان ٹریڈرز الائنس نے علیحدہ علیحدہ دھڑے بنا لیے۔

پاکستان ٹریڈرز الائنس ہال روڈ، مال روڈ، لبرٹی مارکیٹ، بیڈن روڈ، اچھرہ، فیروزپورروڈ، صرافہ مارکیٹ اور جیل روڈ پر دکانیں بند ہیں جب کہ انارکلی، بادامی باغ، منٹگمری روڈ، میکلوڈ روڈ، نکلسن مارکیٹ اور شاہ عالم مارکیٹ میں کاروبار جزوی کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

کیمسٹ ریٹیلرز نے مارکیٹیں اور دکانیں کھلی رکھنے کا عندیہ دیا ہے، فلور ملز ایسوسی ایشن نے 17 جولائی تک ہڑتال مؤخر کر دی ہے۔

ملک بھر کی تاجر برادری کا کہنا ہے کہ مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انجمن تاجران کے مرکزی جنرل سیکریٹری کا کہنا تھا کہ ہڑتال سے بھاگنے والے تاجر تاجروں کے غدار ہوں گے، ہڑتال اب ہماری نہیں ملک بھر کے 31 لاکھ تاجروں کی ملکیت ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں