ٹیم کی غیرمؤثر بولنگ، شاداب خان جان ڈالنے کیلیے پُرعزم


 لاہور: 

شاداب خان غیر مؤثر پاکستانی بولنگ میں جان ڈالنے کیلیے پُرعزم ہیں۔

مہلک وائرس سے نجات پاکر ورلڈکپ میں شرکت کیلیے تیار شاداب خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ میں مکمل طور پر فٹ ہوں، خون میں وائرس کا پتہ چلنے پر ایک دن تو پریشانی ضرور ہوئی لیکن اس مشکل وقت میں ساتھی کھلاڑیوں اور پی سی بی نے بڑی حوصلہ افزائی کی، بعد میں تو دوستوں کو کہہ دیا تھا کہ اس مسئلے پر بات نہ کریں، بہرحال وائرس کی ابتدائی مرحلے میں نشاندہی پر بروقت علاج سے ٹیسٹ کلیئر آگیا۔

انگلینڈ میں قومی ٹیم کی کارکردگی سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ آج کی تیز کرکٹ میں 350رنز کا ہدف بھی محفوظ نہیں، نئی گیند کے بعد خاص طور پر درمیانی اوورز میں بھی وکٹیں حاصل کرنا پڑتی ہیں، پاکستانی بولرز کی کارکردگی اچھی نہیں رہی، البتہ کوچز اور پوری ٹیم محنت کر رہی ہے۔ امید ہے کہ اگلے میچز میں بولرز ردھم میں آجائیں گے اور کارکردگی بہتر ہوگی۔

شاداب خان نے کہا کہ شعیب ملک، محمد حفیظ، محمد عامر اور مجھ سمیت 4 اہم کھلاڑیوں کی غیر موجودگی میں بھی کمبی نیشن متاثر ہوا، امید ہے کہ ٹیم اگلے میچز میں کامیابی کے ساتھ ورلڈکپ بھی جیتے گی۔

ایک سوال پر شاداب خان نے کہا کہ ہم گزشتہ تین سال سے انگلینڈ میں کھیل رہے ہیں، وہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونا مشکل نہیں ہو گا،میں کوشش کروں گا کہ جلد ردھم میں آکر پاکستان کی فتوحات میں اہم کردار ادا کروں۔


اپنا تبصرہ لکھیں