کراچی:
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ یونس خان بہت محنتی ہیں، انگلینڈ میں ان کی بہترین کارکردگی سب کے سامنے ہے اور انگلینڈ میں اچھی کارکردگی بہت اہمیت رکھتی ہے، یونس خان کا تجربہ بہت زیادہ ہے وہ صرف کھلاڑیوں کے ساتھ باتیں ہی نہیں کرتے بلکہ خود نیٹ پر جا کر بیٹسمین کے ساتھ محنت کرتے ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایسے بیٹنگ کوچ کی ضرورت تھی۔
انہوں ںے نئے ہیڈ کوچ مصباح الحق کی معاون کوچنگ ٹیم کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ کرکٹرز کا شو ہے اور اگر کرکٹرز ہی کرکٹ کو چلائیں تو بہتر ہے۔
شاہد آفریدی نے مشتاق احمد کو قومی ٹیم کا اسپن بولنگ کوچ مقرر کرنے کے فیصلے کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انگلینڈ میں بہت زیادہ تجربہ ہے، وہ مختلف ٹیموں کے ساتھ رہے ہیں امید ہے کہ پاکستان کو مشتاق کے تجربے سے فائدہ پہنچے گا اور قومی ٹیم کو بہت مدد ملے گی۔
شاہد آفریدی نے بولنگ کوچ وقار یونس کی صلاحیتوں کو بھی سراہا، انہوں نے ثقلین مشتاق اور ندیم خان کی پی سی بی میں تعیناتی کو بھی بہترین فیصلہ قرار دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بڑے نام ایک جگہ جمع ہوجائیں اور ہر فرد اپنے دائرہ کار میں رہ کر کام کرے تو اچھے نتائج سامنے آتے ہیں۔