ٹیسٹ کرکٹ میں بیٹسمین سے زیادہ بولرز کو کردار ادا کرنا پڑتا ہے: محمد وسیم


سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ میچز میں فتوحات کیلئے بیٹسمین سے زیادہ کردار بولرز کو ادا کرنا پڑتا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفت گو میں محمد وسیم نے کہا کہ ریڈ بال کرکٹ میں وکٹ ٹیکنگ بولرز ضروری ہیں، امید ہے کہ نسیم شاہ اور محمد موسیٰ خان وقت کے ساتھ ساتھ اسٹرائیک بولر بن جائیں گے۔

اٹھارہ ٹیسٹ میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد وسیم نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایسے بولرز اہم ہوتے ہیں جو وکٹیں لیں کیونکہ اگر میچ میں حریف کو دو بار آوٹ نہیں کر سکتے تو پھر 600 یا 700 رنز کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔

ناردرن ٹیم کے کوچ نے کہا کہ اظہر علی اور اسد شفیق نے پچھلی مرتبہ آسٹریلیا کے دورے میں اچھی بیٹنگ کی تھی، امید ہے اس بار بھی وہ اچھا کریں گے۔

محمد وسیم ریجنل کوچ ہونے کے ناطے قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن کا درجہ بھی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس آٹو میٹک سلیکشن کی گارنٹی ہو جائے، یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ کنڈیشنز کے حساب سے کس بیٹسمین کی تکنیک کہاں کی کنڈیشن میں مناسب رہے گی۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ ایشیائی کنڈیشنز پاکستان کی کنڈیشنز سے زیادہ مختلف نہیں ہیں اور اب پاکستان کے ڈومیسٹک کا معیار بھی بہتر ہو گیا ہے اس لیے کھلاڑیوں کو ایشین کنڈیشنز میں مسئلہ نہیں ہونا چاہیے لیکن آسٹریلیا یا جنوبی افریقا جیسی کنڈیشنز میں چیلنج رہتا ہے۔

محمد وسیم نے آسٹریلیا میں ٹی ٹوینٹی کی کارکردگی پر کہا کہ نوجوان ٹیم ہے، نیا کپتان ہے، اس کو وقت دینا ضروری ہے، اس سے پہلے بڑے بڑے پلیئرز کو بھی آسٹریلیا میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا، امید ہے وقت کے ساتھ پاکستان کرکٹ کی چیزیں بہتر ہوں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں