ٹیسٹ رینکنگ؛ بابراعظم ترقی کا زینہ پھر سے چڑھنے لگے

ٹیسٹ رینکنگ؛ بابراعظم ترقی کا زینہ پھر سے چڑھنے لگے


 کراچی:

ٹیسٹ رینکنگ میں بابر اعظم ترقی کا زینہ پھر سے چڑھنے لگے جب کہ 2 درجہ بہتری سے آٹھویں پوزیشن سنبھال لی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویسٹ انڈیز اور پاکستان جبکہ انگلینڈ اور بھارت کا ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد تازہ ترین رینکنگ جاری کردی، پاکستانی کپتان بابر اعظم 2 درجے ترقی پاکر آٹھویں پوزیشن پر فائز ہوگئے، انھوں نے کنگسٹن میں 30 اور 55 رنز کی اننگز کھیلی تھیں۔

سینئر بیٹسمین اظہر علی کو خراب کارکردگی کی قیمت تنزلی کی صورت میں چکانا پڑی، وہ اب 17 سے19ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، فہیم اشرف اور فواد عالم 4، 4 درجے ترقی پاکر بالترتیب 48 اور 55 ویں درجے پر آگئے۔

بیٹسمین رینکنگ میں انگلش کپتان جو روٹ کی ترقی کا سلسلہ جاری ہے، لارڈز میں ناٹ آؤٹ 180 رنز بنانے کی بدولت وہ 2 درجہ ترقی پاکر اب دوسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، ان کا ٹاپ پوزیشن پر فائز کین ولیمسن سے صرف 8 ریٹنگ پوائنٹ کا فاصلہ باقی رہ گیا ہے۔

بولرز رینکنگ میں پاکستان کے لیفٹ آرم پیسر شاہین شاہ آفریدی کو دونوں اننگز میں 4، 4 وکٹیں لینے کی بدولت 4 درجے ترقی ملی جس نے انھیں 18 ویں نمبر پر پہنچا دیا۔ فہیم اشرف نے بھی 4 درجے ترقی حاصل کی مگر وہ ابھی 71 ویں پوزیشن تک ہی آ پائے ہیں۔ حسن علی کا15واں درجہ برقرار رہا، محمد عباس ایک درجہ تنزلی سے 17 ویں نمبر پر پہنچ گئے، ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے یاسر شاہ بھی تنزلی کے بعد اب 30 ویں درجے پرآ چکے ہیں۔

کنگسٹن ٹیسٹ میں 8 وکٹوں کی بدولت مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے والے 19 سالہ جیڈن  سیلس نے 39 درجے کی چھلانگ لگاکر 58 ویں پوزیشن سنبھال لی،انھوں نے اسی مقابلے کے دوران اننگز میں 5 وکٹیں لینے والے ویسٹ انڈیز کے کم عمر ترین بولر کا بھی اعزاز حاصل کیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں