ٹیسٹ رینکنگ، عباس اور بابراعظم کے پاؤں پھسل گئے


دبئی:   ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی کرکٹرزترقی سے محمد عباس اور بابراعظم کے پاؤں پھسل گئے۔

محمد شمی کی 8 درجے چھلانگ نے پاکستانی فاسٹ بولر کو 12 ویں نمبر پر پہنچادیا، بابر کو میانک اگروال کی ترقی کے باعث ایک درجہ نیچے 15 ویں نمبر پر جانا پڑا، پہلے ٹیسٹ میں شکست سے دوچار  ہونے والے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو بھی تنزلی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی فاسٹ بولر محمد شمی نے بنگلہ دیش کے خلاف اندور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 3 جبکہ دوسری باری میں 31 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں جس کی بدولت انھیں ٹیسٹ بولرز رینکنگ میں ایک ساتھ 8 درجے ترقی حاصل ہوئی۔

جس سے وہ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے، ان کو جگہ دینے کیلیے کچھ بولرز کو ایک ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑا جن میں پاکستانی پیسر محمد عباس بھی شامل ہیں جوکہ اب بارہویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ٹاپ 20 میں شامل دوسرے پاکستانی بولر یاسر شاہ بدستور 17 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، ٹاپ پوزیشن پر بدستور آسٹریلیا کے پیٹ کمنز قابض ہیں، کاگیسو  ربادا کا دوسرا نمبر ہے۔

اسی طرح اندور ٹیسٹ میں 243 رنز کی اننگز کھیلنے والے بھارتی اوپنر میانک اگروال کو 7 درجے ترقی نے گیارہویں نمبر پر پہنچادیا، اسی وجہ سے باقی کچھ بیٹسمینوں کی طرح بابر اعظم کو بھی ایک قدم پیچھے ہٹنا پڑا، جس سے وہ اب 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، اسد شفیق بدستور 20 ویں اور اظہر علی 22 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

ٹیم سے باہر سرفراز احمد کا 38 واں نمبر ہے۔ بنگلہ دیشی بیٹسمین محمود اللہ کی تنزلی کے باعث حارث سہیل ترقی پاکر 44 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ٹاپ بیٹنگ پوزیشن آسٹریلیا کے سابق کپتان اسٹیون اسمتھ کے پاس ہے جبکہ بھارتی قائد ویرات کوہلی دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں ٹاپ پر ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر موجود ہیں، دوسرے نمبر پر رویندرا جڈیجا اور تیسرا نمبر انگلینڈ کے بین اسٹوکس نے سنبھالا ہوا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں