ٹک ٹاک کی جانب سے ’میوزک سروس‘ متعارف کرائے جانے کا امکان

ٹک ٹاک کی جانب سے ’میوزک سروس‘ متعارف کرائے جانے کا امکان


خبریں ہیں کہ شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ’ٹک ٹاک‘ اپنی انٹرنیشنل میوزک سروس متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے اور اس ضمن میں کمپنی نے متعدد ممالک میں کاپی رائٹس کی درخواستیں جمع کرادیں۔

’ٹک ٹاک میوزک‘ نام سے میوزک سروس کو متعارف کرائے جانے کی خبر گزشتہ ہفتے سامنے آئی تھی، جس کے مطابق چینی کمپنی نے آسٹریلیا اور امریکا میں کاپی رائٹس کی درخواست جمع کرائی ہے۔

اب خبر سامنے آئی ہے کہ ٹک ٹاک کی مالک کمپنی ’بائٹ ڈانس‘ نے یہی درخواست برطانیہ، سنگاپور، نیوزی لینڈ، میکسیکو اور ملائیشیا میں بھی جمع کرادی۔

’ٹیک کرنچ‘ کے مطابق ٹک ٹاک کی درخواستوں میں کہا گیا کہ مذکورہ پلیٹ فارم پر صارفین اپنے گانے، شاعری، اشعار، جملے اور دیگر تخلیقی چیزیں اپ لوڈ کر سکیں گے۔

درخواستوں کے مطابق پلیٹ فارمز سے لوگ شاعری، گانے، اقوال، اشعار اور کمنٹس کو ڈاؤن لوڈ بھی کر سکیں گے جب کہ پلیٹ فارم پر ایڈیٹنگ کے فیچرز بھی دیے جائیں گے اور لوگ پوسٹس پر بحث بھی کر سکیں گے۔

درخواستوں میں پلیٹ فارم کو ’ٹک ٹاک میوزک‘ کا نام دیا گیا ہے، جس سے عندیہ ملتا ہے کہ چینی کمپنی اپنی میوزک اسٹریمنگ سروس متعارف کرائے گی۔

ٹک ٹاک کی مذکورہ سروس ممکنہ طور پر میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ ’اسپاٹی فائے‘ جیسی ہوگی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ٹک ٹاک اس وقت ایک اور میوزک پلیٹ فارم ’ریسو‘ کو بھی چلاتا ہے، تاہم وہ چند ممالک برازیل، بھارت اور انڈونیشیا میں دستیاب ہے، تاہم نئے پلیٹ فارم کو عالمی سطح پر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

ٹک ٹاک اس وقت تیزی سے مقبول ہونے والی ایپ ہے، جس سے دوسرے پلیٹ فارم یعنی ٹوئٹر، فیس بک، انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ سخت پریشان دکھائی دیتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں