ٹک ٹاک میں 3 منٹ کی ویڈیوز کی آزمائش


سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کی مقبولیت کا راز اس کی چند سیکنڈ کی ویڈیوز ہیں، مگر کمپنی دیکھنا چاہتی ہے کہ اگر صارفین کو زیادہ طویل ویڈیوز ریکارڈ کرنے کا موقع دیا جائے تو کیا نتائج سامنے آتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے اب 3 منٹ تک طویل ویڈیوز ریکارڈ کرکے پوسٹ کرنے کے فیچر کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

یہ بات سوشل میڈیا مشیر میٹ ناوارا نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتائی، جس میں اپ ڈیٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا گیا تھا۔

ٹوئٹ کے مطابق یہ فیچر ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور محدود افراد کے لیے اس فیچر کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

اس وقت ٹک ٹاک میں صارفین ایک منٹ تک کی ویڈیو اپ لوڈ کرسکتے ہیں اور یہ کامیاب بھی ثابت ہوا ہے۔

یعنی وائن سے طویل مگر بیشتر یوٹیوب ویڈیوز سے مختصر۔

چند سیکنڈز کی پرمزاح یا دلچسپ ویڈیوز اور ان کو آسانی سے فلپ کرکے دوسری دیکھنا صارفین کے دلوں میں جگہ بناگیا تھا۔

اس کے مقابلے میں 3 منٹ طویل ویڈیوز کا تجربہ کس حد تک کامیاب ہوتا ہے، یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے جگا، مگر بظاہر یہ یوٹیوب کی نقل محسوس ہوتا ہے۔

شروع میں یوٹیوب کی ویڈیوز بھی 10 منٹ سے کم وقت کی ہوتی تھیں، 3 منٹ بھی کافی طویل وقت ہوتا ہے، جس میں پورا فلم ٹریلر یا میک اپ ٹیوٹرل دکھایا جاسکتا ہے۔

اس سے توقع ہے کہ کریٹیرز کو زیادہ بہتر مواد تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

کمپنی کی جانب سے فی الحال اس اضافے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں ہوا۔


اپنا تبصرہ لکھیں