ٹوئٹر پر غلطی سے رہ جانے والا مفت بلیو ٹک ہٹوانے کے لیے فیچر متعارف کرانے کا امکان

ٹوئٹر پر غلطی سے رہ جانے والا مفت بلیو ٹک ہٹوانے کے لیے فیچر متعارف کرانے کا امکان


مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر نے 20 اپریل کے بعد مفت بلیو ٹک کو ہٹادیا تھا، تاہم بعد ازاں یہ انکشاف ہوا تھا کہ پلیٹ فارم پر متعدد ایسی معروف شخصیات کے مفت بلیو ٹک واپس آگئے ہیں، جن کے فالوورز کی تعداد 10 لاکھ سے زائد تھی۔

مذکورہ معاملے کے بعد یہ انکشاف بھی ہوا تھا کہ ٹوئٹر نے ان معروف شخصیات کے مفت بلیو ٹک بھی بحال کردیے جنہیں دنیا سے رخصت ہوئے کافی عرصہ گزر چکا ہے۔

ٹوئٹر پر آنجھانی ہولی وڈ اداکار چیڈوک بوسمین سمیت متعدد آنجھانی امریکی، برطانوی اور کینیڈین اداکاروں کے اکاؤنٹس پر مفت بلیو ٹک بحال کیے گئے تھے۔

علاوہ ازیں ملالہ یوسف زئی اور پریانکا چوپڑا سمیت دیگر معروف شخصیات کے بھی مفت بلیو ٹک بحال کیے گئے تھے اور انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے کوئی فیس ادا نہیں کی۔

تاہم ایسی شخصیات کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر ان کے بلیو ٹک پر کلک کرنے سے پیغام سامنے آ رہا ہے کہ انہوں نے ٹوئٹر بلیو سروس یعنی ماہانہ فیس کے عوض بلیو ٹک حاصل کیا ہے۔

اب خبر سامنے آئی ہے کہ بعض شخصیات کے اکاؤنٹس پر بلیو ٹک غلطی سے رہ گیا ہے اور سسٹم میں خرابی کی وجہ سے ان کا بلیو ٹک معطل نہیں ہو پا رہا، اس لیے اب پلیٹ فارم نے ایسے بلیو ٹکس کو ہٹوانے کے لیے ایک فیچر متعارف کرانے پر کام شروع کردیا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’دی انگیجٹ‘ کے مطابق ٹوئٹر کے ماہرین ایک ایسے فیچر پر کام کر رہے ہیں، جس سے غلطی سے رہ جانے والے مفت بلیو ٹک صارفین اپنا بلیو ٹک ہٹا سکیں گے۔

مذکورہ فیچر کے تحت صارفین ایک پیج پر جا کر اپنی شکایت درج کریں گے اور اپنے اکاؤنٹ کا ایڈریس فراہم کریں گے، جس کے بعد ان کا مفت بلیو ٹک ہٹا دیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ مذکورہ فیچر اس لیے متعارف کرایا جا رہا ہے، کیوں کہ غلطی سے رہ جانے والے مفت بلیو ٹک کو کلک کرنے پر وہاں پیغام آجاتا ہے کہ مذکورہ صارفین نے بھی پیسوں کے عوض بلیو ٹک حاصل کیا ہے اور ان کا فون نمبر بھی تصدیق شدہ ہے جب کہ مذکورہ صارفین ایسے پیغام پر ذہنی پریشانی کا شکار ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مفت بلیو ٹک کے رہ جانے والے اکاؤنٹس صارفین کی پریشانی ختم کرنے کے لیے مذکورہ فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ فوت ہوجانے والے صارفین کے اکاؤنٹس پر رہ جانے والے مفت بلیو ٹک کو کیسے ہٹایا جائے گا؟


اپنا تبصرہ لکھیں