نئی دلی:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ بھارت کے دوران پاکستان کی تعریف کیا کی بھارتی میڈیا میں کھلبلی مچ گئی اور بھارتی میڈیا نے امریکی صدر پر تنقید کے پہاڑ کھڑے کردئیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیاٹرمپ، بیٹی ایوانکا اور داماد جیرڈ کشنر کے ہمراہ بھارت میں موجود ہیں۔ گزشتہ روز احمد آباد میں اپنی تقریر کے دوران ٹرمپ نے بھارت میں پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا پاکستان کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت اچھے ہیں جن میں مزید ترقی ہورہی ہے۔ ان کوششوں کی بدولت پاکستان کے ساتھ پیش رفت کے اشارے نظر آنے شروع ہوگئے ہیں، ہم جنوبی ایشیا میں کشیدگی کم ہونے، استحکام میں اضافے اور مستقبل میں ہم آہنگی کے لئے پر امید ہیں۔
ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ دنیا کے ایک طاقتور لیڈر نے بھارت میں بھرے مجمعے کے سامنے پاکستان کی تعریف کی ہو۔ تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز بھارت میں نہ صرف پاکستان کی تعریف کی بلکہ پاکستان کےگن بھی گائے جس کے باعث بھارتی میڈیا غصے سے پاگل ہوگیا ہے اور اسی بوکھلاہٹ میں بھارتی میڈیا نے ٹرمپ پر ہی لعن طعن شروع کردی ہے۔
ٹرمپ کی تقریر کے بعد ایک ٹاک شو میں بھارتی نیوز اینکر نے اپنے ملک میں بطور مہمان آئے ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان کی تعریف کرنے پر نہ بخشا اورٹرمپ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ٹرمپ کا مشن بالکل واضح ہے کہ ’’امریکا سب سے پہلے‘‘۔ ٹرمپ صرف اپنے مقاصد دیکھتے ہیں اس پوری تقریر میں بھی ہم نے دیکھاکہ ٹرمپ صاحب نے صرف اپنے مسائل پر بات کی۔ دہشتگردی سے متعلق بیان میں ٹرمپ صاحب نے صرف اپنے ملک اور اپنی سوچ کا ذکر کیا اور ہندوستان میں پاکستان کی تعریف کرکے چلتے بنے۔
شو میں موجود ایک مہمان نے نہایت تلملاتے ہوئے کہا ٹرمپ کے پاکستان کے ساتھ جیسے بھی تعلقات ہیں لیکن ان تعلقات کا یہاں ذکر کرنے کی کیا ضرورت تھی، وہ چاہتے تو چپ بھی رہ سکتے تھے۔ ٹرمپ دراصل پاکستان کو پیغام دے رہےتھے کہ ہمارے بھارت کے ساتھ تعلقات بڑھ رہے ہیں لیکن آپ کو اس سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، بھارت میں جہاں ٹرمپ کا اتنا شاندار استقبال کیا گیا انہوں نے بھرے مجمعے کے سامنے پاکستان کو اشارہ کردیا کہ ہمارے اورآپ کے بے حد اچھے تعلقات ہیں۔
شو کی اینکر نے ٹرمپ پر ایک اور الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ہزاروں لوگوں کے سامنے انہوں نے پاکستان کے حوالے سے جو بیان دیا وہ سیدھا سیدھا پاکستان کو شہ دینے والی بات ہے، جس پر ایک اور مہمان نے کہا ہماری پاکستان کو دنیا سے الگ تھلگ کرنے کی پالیسی کا کیا ہوا۔ ہم پاکستان کو دنیا سے الگ تھلگ کرنا چاہتے ہیں اور امریکی صدر بھارت میں آکرہمارے منہ پر کہتا ہے پاکستان بڑا اچھا ملک ہے۔ جس پر اینکر نے غصے سے تلملاتے ہوئے کہا یہ آپ نے بڑی اہم بات کی ہے ٹرمپ پاکستان کے لیے قصیدہ پڑھ دیتے۔