نیو یارک سٹی:
امریکی مصنفہ ای جین کیررول نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر 90 کی دہائی میں ایک شاپنگ مال میں انہیں دست درازی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔
امریکی جریدے نیویارک میگزین میں شائع ہونے والے ایک کالم میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے 90ء کی دہائی کے وسط میں فکشن رائٹر ای جین کیررول پر ایک شاپنگ مال کے ’چینجنگ روم‘ میں جنسی حملہ کیا۔
مصنفہ ای جین کیررول نے میگزین کو بتایا کہ 1995ء یا 1996ء میں شاپنگ مال میں خریداری کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کسی خاتون کے لیے لباس منتخب کرنے میں مدد طلب کی تھی اور مذاقاً کہا کہ آپ اسے پہن کر دیکھیں۔
مصنفہ نے مزید کہا کہ چینجنگ روم میں ٹرمپ بھی آگئے اور انہوں نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کرتے ہوئے نازیبا حرکات کیں، میں نے بڑی مشکل سے خود کو چنگل سے آزاد کروایا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خاتون کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مصنفہ اپنی کتاب کے اجراء کو کامیاب بنانے کے لیے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں میں کبھی ان خاتون سے نہیں ملا۔
واضح رہے کہ 75 سالہ کیررول صدر ٹرمپ کے عہدہ سنھالنے کے بعد جنسی حملے اور فحش حرکات کرنے کا الزام عائد کرنے والی 15 ویں خاتون ہیں تاہم صدر ٹرمپ تمام الزامات کو مسترد کرتے آئے ہیں