ایشیا کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم سری لنکا پہنچ گئی ہے کل سے ٹرافی جیتنے کے مشن کا آغاز کرے گی۔
ویمنز ایشیا کپ کھیلنے کے لیے پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم سری لنکا پہنچ گئی ہے جہاں وہ کل (جمعہ) کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جب کہ دفاعی چیمپئن بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں بھی دمبولا پہنچ چکی ہیں۔
ٹورنامنٹ کا آغاز جمعہ 19 جولائی کو ایشیا کپ کے سب سے پاور فل میچ پاک بھارت ٹاکرے سے ہوگا جس کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاریاں کر رکھی ہیں جب کہ شائقین کرکٹ بھی اپنی اپنی ٹیموں کا فاتح دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔
پاکستان سے روانگی سے قبل قومیٹیم کی کپتان ندا ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف تمام کھلاڑی جذباتی ہو کر کھیلتے ہیں، بھارت کو ہرا چکے ہیں اس بار بھی ایشیا کپ کا آغاز کامیابی سے کریں گے۔
ندا ڈار نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ وہ چاہتی ہوں اپنی قیادت میں پاکستان کو ایشیا کپ یا ورلڈ کپ کا فاتح بنوائیں۔ ٹیم کو اسپن، فاسٹ بولر اور بیٹنگ کے الگ الگ کوچز دستیاب ہیں، جس کا فائدہ ہو گا۔