پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فواد خان نے اپنی متنازع ویب سیریز ’برزخ‘ پر تنقید سے تنگ آ کر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا کمنٹ سیکشن بند کر دیا۔
اب فواد خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ان کے مداح صرف پوسٹس کو لائیک کرسکتے ہیں لیکن اپنی رائے کا اظہار نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ پاکستان کی پہلی ویب سیریز کو گزشتہ ماہ 19 جولائی کو بھارتی اسٹریمنگ سروس زی 5 اور اس کے یوٹیوب چینل زندگی سے نشر کیا گیا تھا۔
پاکستانی ہدایتکار عاصم عباسی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس سیریز کی کاسٹ میں تمام اداکار بھی پاکستانی ہی ہیں تاہم اس کے پروڈیوسرز بھارتی ہیں۔
ہم جنس پرستی کے مواد پر مبنی اس سیریز میں اداکار فواد خان اور اداکارہ صنم سعید نے مرکزی کردار ادا کیا ہے اس لیے جب سے یہ سیریز ریلیز ہوئی ہے تب سے ہی ان دونوں کو پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
پاکستانی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کے بعد زندگی چینل نے اس سیریز کو 9 اگست سے یوٹیوب پاکستان سے ہٹا دینے کا اعلان کیا ہے۔