وہ اسمارٹ فونز جو 2021 میں واٹس ایپ سے محروم ہوجائیں گے


2020 کے اختتام کے ساتھ فیس بک کی زیر ملکیت میسجنگ پلیٹ فارم ‘واٹس ایپ’ کی جانب سے کروڑوں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس فونز کے لیے سپورٹ ختم کی جارہی ہے۔

جی ہاں بہت جلد کچھ اینڈرائیڈ اور آئی فون اسمارٹ فونز میں دنیا کی مقبول ترین مسیجنگ سروس کو استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا کیونکہ ان کے آپریٹنگ سسٹم اپلیکشن کے لیے درکار ورژنز سے محروم ہوں گے۔

ایک رپورٹ کے مطابق آئی او ایس 9 سے پہلے کے ورژن پر کام کرنے والے آئی فونز پر واٹس ایپ سپورٹ ختم کردی جائے گی۔

یعنی اب آئی فون 4 اور اس سے پہلے کے ماڈلز پر واٹس ایپ کو استعمال کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

اسی طرح آئی فون 4 ایس، 5، 5 ایس، 5 سی، 6 اور 6 ایس میں واٹس ایپ کو استعمال کرنے کے لیے آپریٹنگ سسٹم کو آئی او ایس 9 یا اس کے بعد کے ورژنز سے اپ ڈیٹ کرنا ہوگا۔

جہاں تک اینڈرائیڈ فونز کی بات ہے تو اینڈرائیڈ 4.0.3 سے پہلے کے فونز میں اب واٹس ایپ کام کرنا بند کردے گی۔

اینڈرائیڈ 4.0 یا آئس کریم سینڈوچ کو سب سے پہلے 2011 میں ریلیز کیا گیا تھا، تو اگر آپ کا فون 8 سے 10 سال پرانا ہے تو پھر آپ کو فکرمند ہونا چاہیے ورنہ واٹس ایپ کی بندش کا سامنا نہیں ہوگا۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ ایپل اور گوگل کے ان پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر مبنی فونز استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد کتنی ہوسکتی ہے، مگر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کروڑوں میں ہوسکتی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے واٹس ایپ نے 31 دسمبر 2019 کو تمام ونڈوز آپریٹنگ سسٹم پر چلنے والے فونز کو سپورٹ ختم کردی تھی۔

اسی طرح فروری 2020 سے اینڈرائیڈ 2.3.7 یا اس سے پہلے کے آپریٹنگ سسٹم پر کام کرنے والے فونز پر سپورٹ ختم کردی گئی تھی۔

ونڈوز فونز سے پہلے واٹس ایپ بلیک بیری آپریٹنگ سسٹم، بلیک بیری 10، نوکیا ایس 40، نوکیا سامبا ایس 60، اینڈرائیڈ 2.1، اینڈرائیڈ 2.2، ونڈوز فون 7، آئی فون تھری جی/آئی او ایس سکس کے لیے سپورٹ ختم کرچکی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں