ون پلس کے نئے اسمارٹ فونز 23 مارچ کو پیش کیے جارہے ہیں اور اب کمپنی نے ان کے ڈسپلے کے حوالے سے اہم تفصیلات جاری کی ہیں۔
چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر ایک پوسٹ میں ون پلس نے بتایا کہ 9 سیریز کے فونز میں ایل ٹی پی او ڈسپلے پینل دیا جائے گا جو 5 سے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ سے مطابقت پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسکرین کا ریزولوشن 2K پلس بتایا جارہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ون پلس 9 اور 9 پرو مں اس نئی اسکرین ٹیکنالوجی کو دیا جائے گا، جیسا اوپو نے فائنڈ ایکس 3 سیریز میں کیا۔
دونوں کمپنیوں کے فلیگ شپ فونز ایک دوسرے سے بہت زیادہ ملتے جلتے ہوتے ہیں اور ان کو تیار بھی ایک ہی فیکٹری میں کیا جاتا ہے۔
درحقیقت یہ دونوں برانڈز ایک ہی کارپوریشن کا حصہ ہیں، تاہم اوپو کے برعکس ون پلس کی جانب سے اسکرین کو ڈسپلے میٹ میں ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور اے پلس گریڈ حاصل کیا۔
اس لیے یہ ڈسپلے بہت اچھے ہیں جن میں 10bit پینل ایک ارب رنگوں کے ساتھ دیئے جارہے ہیں۔
یہ او ایل ای ڈی پینل امولیڈ کے مقابلے میں توانائی کی زیادہ بچت کرتے ہیں جس سے بیٹری لائف میں اضافہ ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ ون پلس 9 سیریز کو 23 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے پیش کیا جائے گا۔
یہ کمپنی کی پہلی فون سیریز ہوگی جس کو سوئیڈن کے فوٹوگرافی برانڈ ہیسل بالڈ کے ساتھ مل کر تیار کی جارہی ہے۔
ون پلس اور سوئیڈش کمپنی کی یہ شراکت داری 3 سال تک قائم رہے گی جس سے فونز کے کیمرا سیٹ اپ کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ون پلس کی جانب سے 3 فونز ون پلس 9، 9 پرو اور 9 آر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ون پلس 9 آر ایک مڈرینج فون سمجھا جاسکتا ہے جس میں 8 جی بی ریم اور 5000 ایم اے ایچ بیٹری دیئے جانے کا امکان ہے۔
ون پلس 9 اور 9 پرو میں 120 ہرٹ ریفریش ریٹ ڈسپلے، طاتور اسنیپ ڈراگون 888 پراسیسر اور پہلے سے بہتر کیمرا ٹیکنالوجی موجود ہوسکتی ہے۔