وفاقی حکومت کا کے الیکٹرک کو مزید 200 میگاواٹ بجلی دینے کا اعلان


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن عمر ایوب نے کے الیکٹرک کو مزید 200 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

قومی اسمبلی میں کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے بارے میں توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر پاور ڈویژن عمر ایوب نے کہا کہ کے الیکٹرک کا معاملہ کئی سالوں سے ہے، اسے نیشنل گریڈ سے مزید بجلی درکار ہے، ہم کے ای کو 200 میگاواٹ مزید بجلی دیں گے، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم کے الیکٹرک کے مسائل حل کریں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں 2 مزید گریڈ اسٹیشن بنائے جائیں گے، حکومت کے الیکٹرک کے معاملات کو باریک بینی سے مانیٹر کر رہی ہے اور کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک معاہدے پر عمل درآمد کیوں نہیں کر رہی ہے، سندھ سے نیپرا میں موجود ممبر اپنےاختیارات استعمال نہیں کر رہے، نیپرا میں سندھ کا نمائندہ حکومت سندھ نے نامزد کیا ہے، سندھ حکومت اس کے خلاف ٹھوس کارروائی کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ممبرز نے کراچی میں اکثریت حاصل کی، ہمیں عوام کے مسائل کا ادارک ہے اور عوام کو مسائل سے نکالنے کے لیے خصوصی اقدامات کر رہے ہیں، ہم کراچی کی عوام کو جوابدہ ہیں۔

عمر ایوب نے کراچی میں کرنٹ سے حادثات کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بارش کے بعد اموات پانی کھڑا ہونے سے ہوتی ہیں، بارش کے بعد شہر میں پانی جمع ہونے کا ذمہ دار کون ہے، شہر سے پانی نکالنے کے لیے مشینری بجلی سے نہیں ڈیزل سے چلتی ہے، کراچی میں نکاسی آب کا نظام برباد ہو چکا ہے، حکومت سندھ نے بل صفائی کیوں نے کرائی، علی زیدی کہہ کہہ کر تھک گئے سندھ حکومت نے توجہ نہیں دی۔


اپنا تبصرہ لکھیں