قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنیرا اکرم اداکاری کے شعبے میں قسمت آزمانے کے لیے میدان میں آگئے۔
وسیم اکرم کمینٹیٹر ہونے کے ساتھ ساتھ متعدد اشتہارات میں بھی نظر آتے ہیں مگر اب انہوں نے اپنے مداحوں کو ڈیبیو فلم کی خوشخبری بھی سنا دی ہے۔
گلف نیوز کے مطابق وسیم اکرم نے اپنی پہلی فلم سائن کردی ہے جو فیصل قریشی کی ہدایت کاری میں بنائی جائے گی۔
’منی بیک گارنٹی‘ ہدایت کار کی حیثیت سے فیصل قریشی کی بھی ڈیبیو فلم ہوگی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم میں سابق کرکٹر وسیم اکرم کا کردار چھوٹا لیکن اہم ہے۔
دوسری جانب فلم میں سابق کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم خصوصی رول کی حیثیت سے شرکت کریں گی۔
فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کی کاسٹ میں ہر دل عزیز اداکار فواد خان مرکزی کردار ادا کریں گے جب کہ ان کے ساتھ دیگر کاسٹ میں میکال ذوالفقار اور معروف ماڈل کرن ملک بھی ہوں گی۔
معاون کردار کی کاسٹ میں گوہر رشید، مانی، جاوید شیخ، حنا دلپزر اور افضل ریمبو بھی شامل ہوں گے۔
گلف نیوز کے مطابق ’منی بیک گارنٹی‘ فلم بنانے والوں کو کوشش ہے کہ پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان بھی ان کی فلم میں خصوصی شرکت کریں۔
’منی بیک گارنٹی‘ ایک کامیڈی فلم ہوگی جس کا اسکرپٹ فیصل قریشی نے لکھا ہے اور وہ فلم میں اداکاری بھی کریں گے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کاسٹ میں شامل اداکارہ کے انفرادی کردار ہوں گے اور فلم ’منی بیک گارنٹی‘ کی کہانی میں اداکارہ ہیرو کی محبت میں گرفتار نہیں ہو گی ۔
فلم کی عکس بندی آئندہ ماہ سے کراچی میں شروع ہوگی جب کہ فلم کی بقیہ عکس بندی تھائی لینڈ میں کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
منی بیک گارنٹی کی زکشو فلم (کینیڈا) کی شراکت داری کے ساتھ بنائی جائے گی جو کہ ممکنہ طور پر اگلے سال ریلیز کی جائے گی۔