اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اسپیکر اسد قیصر کو آزادی مارچ ختم کرانے کے لیے تجاویز تیار کرنے کی ذمہ داری سونپ دی۔
مولانا کے آزادی مارچ کے پرامن اختتام کے لیے حکومت کی کوششیں جاری ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کے بعد اب حکومت نے اسپیکر اسد قیصر کو بھی اہم ذمہ داری سونپ دی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسپیکر اسد قیصر کو اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے مزید تجاویز تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، وزیراعظم عمران خان نے اسد قیصر کو ہدایت دی ہے کہ قابل عمل اور قابل قبول نکات تیار کیے جائیں جب کہ تجاویز کی تیاری میں پارلیمنٹ میں اپوزیشن سے بھی مشاورت کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق کامیاب مذاکرات کے لیے قانونی و آئینی ماہرین کی معاونت سے مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے متفقہ نکات تیار کیے جائیں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان پہلے ہی جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کے آپشنز کو مسترد کرچکے ہیں تاہم مشترکہ نکات کی تیاری کا معاملہ سامنے آیا ہے۔