سندھ کے وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ نے بیرسٹر فروغ نسیم کے بطور وزیر قانون حلف اٹھانے پر ردعمل میں کہا ہے کہ کہ اطلاعات ہیں کہ تیسری بار حلف اٹھانے والے وزیرقانون کو کلبھوشن کا کیس لڑنے کے لئے پھر مستعفی ہونا پڑے گا۔
بیرسٹر فروغ نسیم نے ایک بار پھر وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھا لیے ہے اور 2 سالوں میں تیسری بار انہوں نے وزارت کا حلف اٹھایا ہے
فروغ نسیم نے سپریم کورٹ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی نمائندگی اور جسٹس فائر عیسیٰ کیس میں حکومت کی جانب سے پیش ہونے پر وزارت سے استعفیٰ دیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو میں سندھ کے وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ نے فروغ نسیم کی حلف برداری پر ردعمل میں کہا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ تیسری بار حلف اٹھانے والے وزیرقانون کو کلبھوشن کا کیس لڑنے کے لیے پھر مستعفی ہونا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کارڈ نہیں سندھ کاز کی بات کررہے ہیں، بلاول غلط پالیسیوں کے خلاف بات کرتے ہیں تو ان کوآگ لگتی ہے، وزیراعظم اپنے متعلق سوالات کا خود جواب دیں لیکن سیاسی بونے اور مسخرے سامنے لائے جاتے ہیں جو سندھ کی عظیم ثقافت پر حملے کرتے ہیں۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی اور پالیسیوں کے خلاف ضابطہ کار پر عمل کرتے ہوئے احتجاج کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا اعتراف کرنے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کے لیے حکومت نے آرڈیننس جاری کیا ہے اور حکومت نے اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ سے بھی رجوع کررکھا ہے۔