وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اتوار (30 جولائی) کو متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے جہاں دوطرفہ تعلقات پر حکام سے تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اپنے دورہ کے دوران وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان سے ملاقات کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیرخارجہ ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کے بھائی شیخ سعید بن زاید کے انتقال پر متحدہ عرب امارات کی قیادت سے تعزیت بھی کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ دورے کے موقع پر دبئی میں وزیر خارجہ مادام تساؤ میں پہلی پاکستانی شخصیت سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مومی مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
مزید کہا گیا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا آئندہ دورہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے گہرے تعلقات اور دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب مارات کے صدارتی کورٹ نے رواں ہفتے شیخ سعید کے انتقال کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ ریاست بھر میں تین روزہ سوگ منایا جائے گا اور 27 جولائی سے 29 جولائی تک قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شیخ سعید کو جمعرات کی دوپہر کو ابوظبی میں سپرد خاک کردیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ شیخ سعید 1965 میں العین میں پیدا ہوئے اور جون 2010 میں ابوظبی میں فرمانروا کے نمائندے مقرر ہوئے تھے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف بھی شیخ سعید کے انتقال پر ان کے بھائی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد سے تعزیت کے لیے دورہ کر چکے ہیں۔
گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کا ایک روہ مختصر دورہ کیا تھا اور وزیراعظم ہاؤس کے بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو ان کے بھائی کے انتقال پر پاکستانی قیادت، حکومت اور عوام کی جانب سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ شیخ محمد بن زاید کی جانب سے وزیراعظم کی آمد پر گرم جوشی سے استقبال کیا گیا۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا تھا کہ شیخ سعید کے انتقال پر انہیں انتہائی افسوس ہے اور شیخ محمد بن زائد النہیان کو پہنچنے والے بھائی کے غم پر ان کے ساتھ ہمدردی ہے۔