وزیراعظم کی ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کیلیے ماڈل پلان پیش کرنے کی ہدایت


 

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے ماڈل فنانشل پلان پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

شہباز شریف کی زیر صدارت الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کے فروغ کے لیے حکومت ترجیحی اقدامات کررہی ہے۔

وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکلز کے حوالے سے جامع فنانشل ماڈل پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بجلی سے چلنے والی گاڑیوں سے نہ صرف پیٹرول اور ڈیزل کی درآمد کی مد میں قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہو گی بلکہ یہ گاڑیاں ماحول دوست بھی ہوں گی۔

انہوں نے اس حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے مشاورت کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ملک میں ای وہیکلز کی تیاری کے حوالے سے لائسنسز کے ضابطہ ء کار کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ای وہیکلز کی پالیسی کے حوالے سے تمام صوبوں، وفاقی اکائیوں اور اسٹیک ہولڈرز سے ضروری مشاورت کی جائے۔ لیپ ٹاپ اسکیم کی طرز پر سرکاری اسکولوں کے اچھی کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں ای موٹر بائیکس تقسیم کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایت جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ تمام وفاقی سرکاری اداروں کے لیے صرف الیکٹرک موٹر بائیکس کی خریداری کی جائے گی تا کہ قومی خزانے کی بچت ہو۔

وزیراعظم نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو اسلام آباد میں بجلی پر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالےسے جامع پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران ملک میں ای وہیکلز کے استعمال کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2022 سے اب تک مقامی سطح پر 2 اور 3 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لیے 49 لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں جن میں سے 25 کارخانوں میں ان گاڑیوں کو بنانے کا آغاز ہو چکا ہے

بریفنگ میں بتایا گیا کہ4 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی سطح پر تیاری کے حوالے سے پہلا لائسنس ستمبر 2024 میں جاری کیا گیا ہے۔ مقامی سطح پر تیار کی گئی پہلی الیکٹرک کار اس سال دسمبر تک مارکیٹ میں آ جائے گی۔ ملک میں اس وقت 2 اور 3 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک وہیکلز کی تعداد 45 ہزار ہے جب کہ 4 پہیوں پر چلنے والی الیکٹرک وہیکلز کی تعداد 2600 ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ری چارج اسٹیشنز ترجیحی بنیادوں پر موٹرویز، جی ٹی روڈ (قومی شاہراہ 5)، قومی شاہراہ 65 اور 70 پر لگائے جائیں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین ، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری ، وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات علی پرویز ملک ، وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔


اپنا تبصرہ لکھیں