وزیراعظم کی فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

وزیراعظم کی فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت


وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور فرانس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اِن خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گیلے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے فرانسیسی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور فرانس کی جانب سے اعلیٰ فرانسیسی کمپنیوں کے کارپوریٹ لیڈروں کو جلد پاکستان کے دورے پر لانے کے اقدام کا خیرمقدم کیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ سینیٹر اسحٰق ڈار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے، وزیر اعظم نے کہا کہ معیشت کا استحکام حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے۔

فرانسیسی سفیر نے فرانس کے وزیر اعظم جبریل اٹل کی طرف سے شہباز شریف کو دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے پر تہنیتی خط پہنچایا، وزیراعظم نے تہنیتی پیغام پر فرانسیسی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے فرانس کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں، اگرچہ چند سال پہلے یہ تعلقات مشکل دور سے گزرے تھے لیکن اب دونوں ممالک دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے مل کر کام کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون کے ساتھ اپنی متعدد ملاقاتوں کا ذکر کیا جن میں 2022 میں اقوام متحد ہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس، جون 2023 میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق نئے مالیاتی معاہدے سے متعلق پیرس کانفرنس میں ہونے والی ملاقاتیں شامل ہیں۔

انہوں نے جنوری 2023 میں ’جنیوا کانفرنس آن ریزیلئنٹ پاکستان‘ میں ورچوئل شرکت کے ذریعے صدر میکرون کی گرانقدر شراکت کو بھی سراہا، وزیراعظم نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا بھی اعادہ کیا۔

غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

ملاقات کے دوران غزہ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم نے خطے میں امن کے لیے فرانس کی کوششوں کو سراہا۔

فرانسیسی سفیر نے کہا کہ دوطرفہ تعاون پر بات چیت کے لیے فرانسیسی وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے علاوہ فرانس اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے۔

اعلیٰ ٹیلنٹ کو راغب کرنے کیلئے نئے اقدامات کئے جائیں گے، وزیراعظم

وزیراعظم نے علیحدہ طور پر ایک اجلاس کی صدارت کی جو ملک میں اعلیٰ صلاحیتوں کو راغب کرنے اور انہیں برقرار رکھنے کے لیے نئے اقدامات پر تبادلہ خیال کے لیے طلب کیا گیا تھا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح کا ٹیلنٹ پول تشکیل دینا چاہیے کیونکہ یہ ایسا دور ہے جس میں کسی بھی قوم کی کامیابی میں ٹیلنٹ ہی سب سے بڑا فرق پیدا کرتا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ اجلاس نجی شعبے کے ٹیکنیکل ایڈوائزرز اور کنسلٹنٹس کو پبلک سیکٹر میں شامل کرنے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔

اجلاس میں مزید اہل افرادی قوت پیدا کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا جو حکومت کے پالیسی پروگرام پر مؤثر عملدرآمد کروانے کے قابل ہو اور اس کی بنیاد غیرجانبداری اور میرٹ پر بھرتی کے اصولوں پر رکھی گئی ہو۔

وزیراعظم نے پاکستان میں ٹیلنٹ کی ضرورت کے بہتر حصول میں مدد کے لیے وزارتوں میں حالیہ فریم ورک کو بہتر بنانے اور واضح کرنے کے لیے پالیسی کی تشکیل کے لیے وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی اور اسے اپنی تجاویز جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔

عطا تارڑ کی متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات

دریں اثنا وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان، متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارتی اور کاروباری تعلقات کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی سے ملاقات کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے مشترکہ روڈ میپ بنانے کی ضرورت ہے۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اطلاعات نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو موجودہ حکومت کے معاشی اقدامات سے آگاہ کیا۔

سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق متحدہ عرب امارات دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے اور وہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ساتھ کھڑا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں