وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کا شکار مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ کے حوالے سے بات پر عالمی اقتصادی فورم کا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی دارالحکومت ریاض میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے اختتامی سیشن میں شرکت کی۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ 2022 میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان میں تباہی آئی، پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتاہے جن کا موسمیاتی تبدیلی میں کوئی کردار نہیں لیکن موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان بری طرح متاثر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین جنگ کی وجہ سے عالمی سطح پر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، میرے مرحوم والد اور چچا غریب کسان کے بچے تھے، میرے مرحوم والد نے انتہائی محنت سے 1965 میں اسٹیل انجینیئرنگ کمپنی بنائی، 2 جنوری 1972 میں وہ اسٹیل کمپنی نیشنلائز ہوگئی۔
ان کا کہنا تھاکہ عالمی منڈی میں منہگائی کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک متاثر ہوئے، سعودی عرب سمیت دوست ممالک نے پاکستان کی مدد کی۔
وزیراعظم کی غزہ کے حوالے سے بات پر عالمی اقتصادی فورم کا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں امن کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا، فلسطین میں قیام امن بہت ضروری ہے۔