وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کا پہلا دورہ تربت، مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا


imran khan

وزیراعظم عمران خان نے تربت میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

وزیر اعظم عمران خان کا تربت یونیورسٹی میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تربت کی اپنی ایک تاریخ ہے اور پہلی بار یہاں آنے کی بہت خوشی ہے، تربت اور بلوچستان کے نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ علم انسان کو دیگر مخلوقات سے منفرد بناتا ہے، تعلیم کے بغیر کسی معاشرے نے ترقی نہیں کی، آج ہم پیچھے رہ گئے ہیں اور جو علاقے پیچھے رہ گئے ہیں وہاں تعلیم بھی کم ہے، بلوچستان میں کبھی بھی اتنی فنڈنگ نہیں ہوئی جتنی ہماری حکومت نے کی ہے، ماضی میں بلوچستان میں فنڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے یہ صوبہ پیچھے چلا گیا، لیکن ہم بلوچستان کی ہر طرح سے مدد کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم خاص طور پر بلوچستان میں تعلیم کے شعبے میں مدد کریں گے کیونکہ بلوچستان کو پڑھے لکھے لوگوں کی شدید ضرورت ہے، اب شہروں میں جاکر تعلیم لینا ضروری نہیں ہے، بلوچستان کے طلباء و طالبات کے لیے اسکالرشپ 185 سے بڑھا کر 360 کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غلطیاں انسان کو سیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں، دنیا میں کوئی شارٹ کٹ نہیں ہوتا، ہر مشکل وقت سے نکلنے کے بعد آپ تگڑے ہو جاتے ہیں، برے وقت سےکبھی نہ ڈریں، ناکامی سے کبھی نہیں گھبرائیں، جو اوپر جاتا ہے اس میں سب سے بڑی صفت ہار نہ ماننے کی ہوتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں