لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2019 کے لیے قومی ٹیم کا اعلان 18 اپریل کو کیا جائے گا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق ورلڈ کپ کے لیے منتخب کردہ 23 کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ 15 اپریل کو ہوگا اور انہی کھلاڑیوں میں سے مکمل طور پر فٹ کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈکپ ٹیم تیار کی جائے گی۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق محمد نواز نے پیٹرن ٹرافی گریڈ ٹو کا میچ کھیلنا ہے اور ان کا فٹنس ٹیسٹ ان کے ڈیپارٹمنٹ کی درخواست پر 13 اپریل کو کیا جائے گا اور 15 اپریل کو باقی 22 کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ ہوں گے۔
پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے منتخب ہونے والے ممکنہ کھلاڑی 16 اور 17 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کریں گے جب کہ پندرہ رکنی ورلڈ کپ اسکواڈ کے ساتھ دو ریزرو کھلاڑی بھی ہوں گے۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2019 کا آغاز 30 مئی سے ہوگا اور ایونٹ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ورلڈکپ 2019 کے لیے نیوزی لینڈ اب تک واحد ٹیم ہے جس نے کین ولیمسن کی قیادت میں 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔