پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح کی بدولت ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں کھاتا کھول لیا ہے اور قومی ٹیم سری لنکا کے ساتھ چیمپیئن شپ میں تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں ہر سیریز کے 120پوائنٹس ہوتے ہیں جسے میچوں کی تعداد کے اعتبار سے یکساں تقسیم کیا جاتا ہے۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز میں پانچ ٹیسٹ ہونے کے سبب اس سیریز کے ہر میچ کے 24پوائنٹس تھے لیکن پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز میں صرف دو ٹیسٹ میچ ہونے کے سبب ہر میچ کے 60پوائنٹس تھے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بارش کے سبب ڈرا ہو گیا تھا جس کے سبب دونوں ٹیموں کو 20، 20 پوائنٹس ملے تھے۔
کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے عمدہ کھیل پیش کر کے مہمان ٹیم کو باآسانی شکست دے کر سیریز اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں بھی پہلی فتح حاصل کر لی۔
اس سیریز میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں پوائنٹس 80ہو گئے ہیں اور وہ یکساں پوائنٹس کی حامل سری لنکن ٹیم کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
بھارت کی ٹیم تین سیریز جیت کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں 360پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ 216پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا کا دوسرا نمبر ہے۔
چیمپیئن شپ میں اب تک ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع نہیں ملا۔