ورلڈکپ 2019: سری لنکا کا ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 339 رنز کا ہدف


ڈرہم: آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 کے 39 ویں میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 339 رنز کا ہدف دے دیا۔

چیسٹر لی اسٹریٹ کے ریور سائڈ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے میچ میں ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرونارتنے اور کوشال پریرا نے ذمہ دارانہ انداز میں کیا اور پہلی وکٹ پر 93 رنز کی شراکت بنائی تاہم کرونارتنے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ کوشال پریرا کی گری جو 64 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، اس کے بعد ایوشکا فرنینڈو اور کوشال مینڈس نے ذمہ دارانہ اننگز کھلیں لیکن 184 کے مجموعے پر مینڈس 39 رنز بناکر ایلن کا شکار بنے۔

فرنینڈو کا شاندار سنچری پر انداز — فوٹو: آئی سی سی 

ایوشکا فرنینڈو کی شاندار سنچری کی بدولت سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 338 رنز بنائے۔

ایوشکا فرنینڈو 104 اور کوشال پریرا 64 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر نے 2، فابین ایلن، اوشین تھامس اور شیلڈن کوٹریل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہیں، میچ کا نتیجہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ٹیموں پر اثر انداز نہیں ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں