جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے اداکار وجے اور اداکارہ تریشا کرشنن کی نئی تصویر نے دونوں کے درمیان رومانوی ملاقاتوں کی نئی بحث چھیڑ دی۔
وجے نے گزشتہ روز اپنی سالگرہ منائی، اس سلسلے میں اداکارہ تریشا کرشنن کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی گئی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں تریشا نے جو تصویر شیئر کی اس میں دونوں ایک ایلیویٹر میں موجود ہیں۔
فوٹوز کے ساتھ عنوان میں تریشا نے یہ بھی تحریر کیا کہ طوفان سے قبل خاموشی سے طوفان تک اور طوفان سے پھر خاموشی تک، ابھی اور بھی سنگ میل باقی ہیں۔
اداکارہ کی فوٹو سامنے آنی تھی کہ مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر صارفین کا جاسوسی کا موڈ آن ہوگیا اور انہوں نے اس تصویر اور عنوان کے پیچھے چھپی کہانی کی کھوج کرنا شروع کردی۔
سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ دونوں کی تصویر ایک دورے کی ہے اور وجے نے فوٹو میں وہی جوتے پہنے ہوئے ہیں جو انہوں نے ایئرپوٹ پر پہنے ہوئے تھے۔
دوسری جانب کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ تریشا اس وقت وجے کے ساتھ انکے نئے اپارٹمنٹ میں موجود ہیں۔
یہی نہیں بلکہ کچھ صارفین نے اس بات کا اندازہ لگانا بھی شروع کردیا کہ وجے اور تریشا کی رومانوی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کچھ لوگوں نے وجے کی اہلیہ سنگیتا کا دفاع کرتے ہوئے اس سب کو ایک ڈرامہ قرار دیا۔