سان فرانسسکو:
واٹس ایپ نے ایک نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے سالِ نو کے 100 ارب پیغامات کا تبادلہ ممکن بنایا جن میں 12 ارب تصاویر بھی شامل تھیں۔
تاریخ میں پہلی بار کسی آن لائن پلیٹ فارم میں چند روز میں پیغامات کا اتنا زیادہ تبادلہ کیا گیا ہے۔ اس طرح کسی بھی ایپ کی تاریخ میں بھیجے گئے پیغامات کا یہ سب سے بڑا ریکارڈ بھی ہے۔ پیغامات کی اتنی بڑی تعداد سے واٹس ایپ کی مقبولیت سامنے آئی ہے اور یوں اس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
واٹس ایپ دنیا کے کئی ممالک کے لیے کارآمد ہے لیکن چین میں اسے استعمال نہیں کیا جاتا اور بعض خلیجی ممالک میں بھی متبادل ایپس استعمال ہو رہی ہیں۔
اس موقع پر واٹس ایپ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ عشرے کے اختتام پر دنیا بھر کے لوگوں نے اپنے دوستوں اور عزیزوں سے رابطہ کیا اور واٹس ایپ فون اور ای میل کا متبادل ثابت ہوئی ہے۔
واٹس ایپ کا خیال ہے کہ ایک صارف سے دوسرے صارف تک پیغام کو خفیہ رکھنے (انکرپشن) ٹیکنالوجی سے پیغامات کی نوعیت تک معلوم نہیں ہوسکی لیکن اتنا ضرور پتا ہے کہ یہ نئے سال کی مبارکباد کے پیغامات ہوسکتے ہیں۔