والدہ کے ارشد ندیم کو ’بیٹا‘ کہنے پر نیرج چوپڑا کی وضاحت

والدہ کے ارشد ندیم کو ’بیٹا‘ کہنے پر نیرج چوپڑا کی وضاحت


پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کو  بیٹا کہنے پر بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا نے اپنی والدہ سروج دیوی کے بیان پر وضاحت دے دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نیرج چوپڑا نے کہا ہے کہ میری والدہ نے یہ بات دل سے کہی تھی کہ ارشد ندیم میرے بیٹے جیسا ہے، میری والدہ سوشل میڈیا پر جو کچھ ہو رہا ہے، اس سے متاثر نہیں ہیں اور وہ ہمیشہ اپنے دل کی بات کرتی ہیں۔

نیرج چوپڑا کا کہنا ہے کہ میری ماں گاؤں میں رہتی ہیں اور وہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کے حوالے سے سوشل میڈیا اور ٹیلی ویژن پر آنے والی خبروں سے متاثر نہیں ہوتیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ایک ماں کا احساس رکھتی ہیں، سادگی سے بولتی ہیں اور اپنے دل کی بات کرتی ہیں، انہوں نے اپنے دل کی بات کی ہے، کچھ لوگوں کو یہ عجیب لگا ہوگا اور کچھ نے اس کو پسند کیا ہو گا۔

واضح رہے کہ نیرج چوپڑا  کی والدہ سروج دیوی نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نیرج چوپڑا کے سلور میڈل جیتنے پر بھی خوش ہیں، ہمارے لیے سلور بھی گولڈ جیسا ہی ہے۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیتا وہ بھی میرا بیٹا ہے وہاں تک پہنچنے کے لیے سب محنت کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز پرفارمنس دیتے ہوئے ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد گولڈ میڈل جتوا دیا، یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل بھی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں