پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکار نعمان مسعود نے حالیہ انٹرویو میں نم آنکھوں کے ساتھ کہا کہ مجھے لگتا ہی نہیں ہے کہ میری والدہ قبر میں موجود ہیں۔
حال ہی میں نعمان مسعود نے نجی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، دوران شو وہ اپنی مرحومہ والدہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے۔
اداکار نے اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کبھی محسسوس نہیں ہوا کہ ان کا انتقال ہو گیا ہے بلکہ مجھے لگتا ہے کہ وہ میرے آس پاس ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ان کی قبر پر جاتا ہوں، اسے صاف کرتا ہوں، فاتحہ پڑھتا ہوں، لیکن مجھے کبھی ان کی قبر میں ان کی موجودگی کا احساسِ نہیں ہوا کیونکہ میں ان کو اپنے اردگرد محسوس کرتا ہوں۔
نعمان مسعود نے بتایا کہ وہ کراچی سے اسلام آباد بھی اسی لئے منتقل ہوگئے کیونکہ کراچی میں ان کی والدہ کی بےشمار یادیں وابستہ ہیں، جن سے جان چھڑانا چاہتا ہوں کیونکہ میں ان کا جانا برداشت نہیں کرسکا، میں رونا نہیں چاہتا لیکن انہیں یاد کر کے رو جاتا ہوں۔
انہوں نے دوران انٹرویو یہ بھی کہا کہ جب کبھی کسی خاص دن عام تعطیل ہوتی ہے جیسے جشن آزادی وغیرہ، تو میری اور اہلیہ ثمرین کی کوشش ہوتی ہے کہ اس دن کو اولڈ ایج ہومز میں موجود ضعیف العمر افراد کے ساتھ گزاریں اور انہیں خاص محسوس کروائیں۔
نعمان مسعود کا کہنا کہ جب وہ آتے ہیں اور ان کا تعارف کروایا جاتا ہے تو یہ جان کر افسوس ہوتا ہے کہ اولڈ ایج ہومز میں موجود افراد اس لئے وہاں نہیں ہیں کہ ان کے اہل خانہ ان کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے بلکہ وہ سب ویل آف فیملی سے تعلق رکھتے ہیں ، اپنے وقت میں بڑی بڑی کمپنیوں کے مالک رہے ہوتے ہیں ان کے بچے آج کامیاب کاروبار کر رہے ہیں۔