وارنر کی ٹی ٹوئنٹی میں شان دار واپسی، سری لنکا کو آسٹریلیا سے شکست فیس بک ٹویٹر واٹس ایپ جاگو کھیل Asif Khanzada اکتوبر 28, 2019October 28, 2019 0 تبصرے آسٹریلیا کے تجربہ کار اوپنر ڈیوڈ وارنر ایک سالہ پابندی کے اختتام پر ٹیسٹ کے بعد ٹوئنٹی میں بھی واپس آگئے ہیں اور ڈیڑھ سال بعد پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف ناقابل شکست سنچری کے ساتھ ٹیم کو سیریز میں فاتحانہ آغاز فراہم کردیا۔آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا جہاں لاستھ ملینگا نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ڈیڑھ برس بعد آسٹریلیا کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی کرنے والے ڈیوڈ وارنر نے کپتان ایرون فنچ کے ساتھ مل کر 122 رنز کا شان دار آغاز کیا اور اس دوران دونوں اوپنرز نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔ایرون فنچ 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 36 گیندوں پر 64 رنز بنا کر آوٹ ہوئے جس کے بعد گلین میکسویل میدان میں آئے اور بے دردی سے مہمان باؤلرز کا سامنا کیا۔آسٹریلیا کا اسکور آخری اوور میں 229 رنز پر پہنچا تھا کہ میکسویل بھی آؤٹ ہوگئے، ان کی 28 گیندوں کی جارحانہ اننگز میں 7 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے اور مجموعی طور پر 62 رنز بنائے۔ڈیوڈ وارنر نے 56 گیندوں پر سنچری مکمل کی جس کے لیے انہوں نے 10 چوکے اور 4 چھکے لگائے اور اننگز کی آخری گیند تک وکٹ پر کھڑے رہے۔آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 233 رنز بنا کر مہمان ٹیم کو مشکل ہدف دے دیا جو ان کے لیے خواب ہی ثابت ہوگیا۔سری لنکا کی پوری ٹیم مل کر ڈیوڈ وارنر کی انفرادی اننگز کے برابر بھی رنز نہ بنا سکی اور ابتدائی 5 وکٹیں 50 رنز پر گر چکی تھیں۔شناکا نے سب سے زیادہ 17 اور پریرا نے 16 رنز بنائے اس کے علاوہ فرنانڈو اور ملینگا نے 13،13 رنز کی مختصر اننگز کھیلیں، اوپنر گناتھیلاکا 11 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔مشکل ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 99 رنز بنا سکی۔آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زیمپا نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا تاہم ڈیوڈ وارنر کو شان دار بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔سری لنکا کو 134 رنز کی بھاری شکست دے کر آسٹریلیا نے تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔سیریز کا دوسرا میچ 30 اکتوبر اور آخری ٹی ٹوئنٹی یکم نومبر کو میلبورن میں کھیلا جائے گا جس کے بعد 3 نومبر سے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہوگا۔