وادیٔ کشمیر میں امن قائم ہو جائے تو دنیا بھر کے سیاح وہاں کا رُخ کریں گے: زاہد اقبال ہاشمی

وادیٔ کشمیر میں امن قائم ہو جائے تو دنیا بھر کے سیاح وہاں کا رُخ کریں گے: زاہد اقبال ہاشمی


انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کے مرکزی رہنما زاہد اقبال ہاشمی نے کہا ہے ہم جو یورپی ممالک میں ترقی اور خوشحالی دیکھ رہے ہیں، یہ امن اور اتحاد کی بدولت ہے، اگر وادیٔ کشمیر میں بھی امن قائم ہو اور اس قسم کی ترقی نظر آئے تو دنیا بھر کے سیاح وہاں کا رُخ کریں گے۔

’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے زاہد اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ یورپین ممالک کا موسم اور وادیٔ کشمیر کا موسم ایک جیسا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں دنیا میں متنازعہ معاملات جن میں مسئلہ کشمیر سر فہرست ہے، اس مسئلے کو عالمی برادری کی توجہ کی ضرورت ہے، مقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کے مظالم اور قانونی تبدیلیوں سے حالات روز بروز سنگین ہوتے جارہے ہیں۔

زاہد اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنی آزادی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے، بھارت پاکستانی اور کشمیری عوام کو مجبور کر رہا ہے کہ وہ فیصلہ کن جدو جہد کے لیے اقدام اٹھائیں جو عالمی امن کے لیے خطرناک صورت اختیار کر سکتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ  بھارت کی طرف سے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کرنا عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری اور بالخصوص اقوام متحدہ کے پانچ مستقل ارکان اس کا نوٹس لیں، بھارت ہٹ دھرمی، شیوسینا کے نظریے سے باہر نکل کر حقائق کو سامنے رکھ کر دیکھے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کے تحت اظہار رائے کا حق دیا جائے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے اُس پار جو کشمیری قربانی دے رہے ہیں، دنیا اس پر خاموش ہے، مودی اور اسرائیلی وزیرِ اعظم کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ دنیا ایک اور ولڈ وار کی لپیٹ میں آئے، اس وجہ سے دونوں ہٹ دھرمی پر تلے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ زاہد اقبال ہاشمی آج کل یورپی ممالک کا دورہ کر کے انٹرنیشنل کشمیر پیس فورم یورپ کو متحرک کر رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں