وائٹ آئل پائپ لائن پراجیکٹ پر تعمیراتی کام شروع کرنے کیلیے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان معاہدہ


  اسلام آباد: ایس آئی ایف سی کے تعاون سے پاکستان کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے لیے وائٹ آئل پائپ لائن پراجیکٹ میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 477 کلومیٹر طویل وائٹ آئل پائپ لائن پراجیکٹ پر تعمیراتی کام شروع کرنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ماچیکے، تھلیاں اور تروجبہ پائپ لائن منصوبے کے لیے معاہدہ طے پا گیا۔

تحقیقی اور ترقیاتی منصوبہ ہونے کے باعث یہ پاکستان اسٹیٹ آئل، پارکو اور انٹر اسٹیٹ گیس سسٹم کا ایک فلیگ شپ پراجیکٹ ہے جس کی سربراہی فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کر رہی ہے۔

یہ پائپ لائن موٹروے کے متوازی ماچیکے، تھلیاں اور تروجبہ کے درمیان دو حصوں پر مشتمل ہے۔ اس پائپ لائن کو اٹک ریفائنری، چک پیرانہ اور فقیر آباد کے ساتھ منسلک کرنے کی سہولت بھی موجود ہے۔

اس منصوبے کی تعمیر سے تیل کی ہموار سپلائی یقینی ہوگی اور لاگت میں بھی کمی آئے گی جس سے قومی خزانے میں اربوں روپے کی بچت ہوگی۔

وائٹ آئل پائپ لائن کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی مؤثر سپلائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ملاوٹ کی روک تھام اور حفاظت میں اضافہ کرنا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ابتدائی سپلائی کی صلاحیت 7 ملین ٹن سالانہ ہے جو 10 ملین ٹن سالانہ تک بڑھائی جا سکتی ہے۔

یہ پائپ لائن اسٹریٹجک راستے کا احاطہ کرتے ہوئے سڑک کی نقل و حمل پر انحصار کم کرنے، ماحولیاتی اثرات کو کم کرنے، اور تیل کی تقسیم کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔

وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی تکمیل میں تیزی پیٹرولیم ڈویژن میں ترقی کے لیے حکومت اور ایس آئی ایف سی کے عزم کا ثبوت ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں