وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں علیم خان کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ این آر او کی خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، پیپلز پارٹی یا ن لیگ سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی۔
وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ اپوزیشن کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا جواب دیا جائے اور حکومتی موقف بھرپور انداز سے عوام تک پہنچایا جائے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزراء کی جانب سے ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر این آر او لینے کے لیے دباؤ ڈالنے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں جب کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ بتایا جائے کہ کس نے حکومت سے این آر او مانگا ہے۔