(ن) لیگ نے چیف جسٹس سے رانا ثنااللہ کیس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا


اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) نے چیف جسٹس پاکستان سے رانا ثنااللہ کے کیس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ رانا ثنااللہ کو بھونڈے انداز سے گرفتار کرکے سیاسی انتقام کی بدترین مثال قائم کی گئی ہے، ان کی گرفتاری انصاف کے نظام اور حصول پر طمانچہ ہے۔

’عدالت آکر پتا چلا مجھ سے ہیروئن نکلی‘، رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید توسیع

انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ کو گرفتار منشیات میں کیا گیا اور چھان بین اثاثوں کی ہورہی ہے، نالائق حکومت ان کے خلاف کیس جج اور وکیل کے بغیرچلارہی ہے۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ ‎حکومتی پراسیکیوٹر نے عدالت میں تسلیم کیا کہ اُن کے پاس کوئی ویڈیو موجود نہیں، ‎دو ماہ 13 دن گزر گئے، رانا ثنااللہ سے برآمدگی کی ویڈیو آج تک پیش نہیں کی جاسکی جب کہ ان کی ان جائیدادوں کی چھان بین کی جارہی ہے جو انہیں والد نے ورثہ میں دیں۔

واضح رہےکہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے رانا ثنااللہ کو 2 جولائی کو فیصل آباد سے لاہور جاتے ہوئے گرفتار کیا تھا اور اے این ایف نے دعویٰ کیا تھا کہ رانا ثنا کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی۔


اپنا تبصرہ لکھیں