ممبئی: نیٹ فلکس نے اپنی مشہور کورین سیریز اسکوئیڈ گیم پر لگائے گئے سرقہ کے الزامات کے جواب میں ایک بیان جاری کیا ہے۔
بالی ووڈ فلم ساز سوہام شاہ نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ ویب سیریز ان کی 2009 کی فلم ’لک‘ سے متاثر ہے، جس میں عمران خان اور شروتی ہاسن نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
سوہام شاہ کا دعویٰ ہے کہ اسکوئیڈ گیم کی کہانی، کردار، موضوعات، ماحول اور واقعات کی ترتیب ان کی فلم سے کافی ملتی جلتی ہے اور یہ محض اتفاق نہیں ہو سکتا۔
نیٹ فلکس نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسکوئیڈ گیم کو کورین ہدایتکار ہوانگ ڈونگ ہیوک نے تخلیق کیا اور لکھا ہے اور اس کی کہانی کا کسی دوسری فلم سے کوئی تعلق نہیں۔
اسکوئیڈ گیم 2021 میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی، جس میں 400 سے زائد مقابلہ کرنے والے دکھائے گئے ہیں جو مالی مشکلات کا شکار ہیں اور ایک خفیہ مقابلے میں حصہ لیتے ہیں، جہاں بچوں کے کھیل ایک خطرناک موڑ کے ساتھ زندگی اور موت کا مسئلہ بن جاتے ہیں۔
دوسری جانب، ’لک‘ کی کہانی کچھ ایسے افراد کے گرد گھومتی ہے جو اپنی مالی مشکلات سے نجات پانے کے لیے قسمت کے کھیل میں شامل ہوتے ہیں، جہاں ہار کا مطلب موت ہے۔