امریکی شہر نیویارک میں پولیو کی کمیونٹی ٹرانسمیشن(شہریوں میں تیزی سے منتقلی) شروع ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیویارک کے ہیلتھ حکام نے خطرناک وائرس پولیو کی ممکنہ کمیونٹی ٹرانسمیشن کے خطرے کے پیشِ نظر جمعرات کو ان بچوں اور بڑوں کو خبردار کیا جنہوں نے اب تک پولیوکی حفاظتی ویکسین نہیں لگوائی۔
حکام نے بتایا کہ پولیو وائرس اب نیویارک شہر کے شمال میں دو ملحقہ کاؤنٹیز میں گندے پانی کے سات مختلف نمونوں میں پایا گیا ہے جبکہ اب تک پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک کیس سامنے آنے کے بعد شہریوں کو محتاط رہنا چاہیے کہ اس سے دوسرے لوگ بڑی تعداد میں متاثر ہو سکتے ہیں۔
گزشتہ ماہ امریکا میں تقریباً ایک دہائی بعد پولیو کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔
واضح رہے کہ پولیو کا کوئی علاج نہیں ہے لیکن اسے ویکسین کے ذریعے روکا جا سکتا ہے۔ یہ زیادہ تر بچوں کو متاثر کرتا ہے جو پٹھوں کی کمزوری اور فالج جبکہ انتہائی سنگین صورتوں میں مستقل معذوری اور موت کا سبب بنتا ہے۔