نیشنل بینک نے قومی ہاکی چیمپئن شپ جیت لی


نیشنل بینک نے 65 ویں ائیر مارشل نور خان قومی ہاکی چیمپئن شپ جیت لی، فائنل میں سوئی سدرن گیس کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا، فائنل جیو سوپر سے براہ راست نشر کیا گیا۔

عبدالستار ایدھی ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں قومی چیمپئن شپ کا فائنل نیشنل بینک اور سوئی سدرن گیس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔

پہلے کوارٹر میں کوئی گول نہ ہوسکا، دوسرے کوارٹر میں نیشنل بینک کو پنالٹی کارنر ملا جو مبشر نے گول میں تبدیل کردیا۔

تیسرے کوارٹر میں بھی نیشنل بینک کی برتری قائم رہی لیکن چوتھے کوارٹر میں ارسلان قادر نے خوبصورت گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

مقررہ وقت تک اسکور 1-1 سے برابر رہا، میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلئے پنالٹی شوٹ آؤٹ کا سہارا لیا گیا جس میں نیشنل بینک نے 4-5 سے فتح حاصل کرکے ٹائٹل جیت لیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے


اپنا تبصرہ لکھیں