بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ نیتو کپور نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر شادی کے بارے میں ایک پوسٹ شیئر کی تھی جس کے بارے میں صارفین کا خیال ہے کہ اُنہوں نے اس پوسٹ کے ذریعے کترینہ کیف پر طنز کیا ہے۔
اب کترینہ کیف کی والدہ سوزین ٹرکویٹ نےفوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں عزت و احترام کے بارے میں بات کی گئی ہے۔
اس پوسٹ میں لکھا ہوا پڑھا جاسکتا ہے کہ’مجھے چوکیدار کے ساتھ بھی سی ای او کی طرح احترام سے پیش آنے کی پرورش دی گئی ہے‘۔
سوزین ٹرکویٹ کی اس پوسٹ نے فوری طور پر صارفین کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
صارفین کا خیال ہے کہ اُنہوں نے اس انسٹا پوسٹ کے ذریعے نیتو کپور کو بالواسطہ طور پر بیٹی کترینہ کیف کو طنز کا نشانہ بنانے پر جواب دیا ہے۔
ایک صارف نے اس پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے لگا کہ شاید یہ ایک عام سی پوسٹ ہے لیکن ان کی انسٹا فیڈ پر جانے کے بعد میں نے دیکھا کہ وہ عام طور پر اقتباسات پوسٹ نہیں کرتی ہیں اور زیادہ تر صرف تصاویر شیئر کرتی ہیں‘۔
صارف نے مزید لکھا کہ ’انہوں نے آخری اقتباس مارچ 2020ء میں کورونا وبا کے دوران پوسٹ کیا تھا اس لیے ہوسکتا ہے کہ یہ نیتو کپور کی پوسٹ کا جواب ہو‘۔
یاد رہے کہ نیتو کپور کے بیٹے رنبیر کپور اور کترینہ کیف نے کچھ عرصے تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کیا اور یہ دونوں متعدد فلموں میں ایک ساتھ اسکرین پر بھی نظر آئے جیسےکہ فلم ’عجب پریم کی غضب کہانی‘، ’جگا جاسوس‘ اور ’راج نیتی‘۔
بعد ازاں، دونوں نے اپنی راہیں جدا کر لیں اور اب دونوں ہی اپنی اپنی خوشگوار شادی شدہ زندگی گزار رہے ہیں۔