بہاولپور کے صحرائے چولستان میں 14 ہزار 400 کنال اراضی کی الاٹمنٹ میں بےضابطگیوں پر قومی احتساب بیورو (نیب) ملتان نے انکوائری کا آغاز کر دیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ملتان نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، سابق وفاقی وزیر میاں بلیغ الرحمن اور دیگر درجنوں افراد کے خلاف انکوائری کا آغاز کرتے ہوئے چولستان ترقیاتی ادارے سے زمینوں کی الاٹمنٹ کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے مئی 2012ء میں لال سوہانرا نیشنل پارک کے 238 متاثرین کو زمین الاٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا۔
مذکورہ افراد پر الزام ہے کہ الاٹیوں کی پیدائش پارک بننے کے کئی سال بعد میں ہوئی ہے اور زمینوں کی الاٹمنٹ میں پنجاب حکومت نے کئی بوگس نام بھی شامل کیے۔
الاٹمنٹ میں ہونے والی ان مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایت پر نیب نے شہباز شریف، بلیغ الرحمن اور سابق جنرل سیکرٹری ہائیکورٹ بار چوہدری عمر محمود ایڈووکیٹ سمیت دیگر افراد کے خلاف انکوائری کا حکم دیا تھا۔