نیا پاکستان ہاؤسنگ کیلئے آئندہ ہفتے سے قرضوں کی ادائیگی متوقع


کراچی: نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی (نپڈا) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی نے کہا ہے کہ بینک اس اسکیم کے لیے آئندہ ہفتے سے قرضوں کی پیشکش شروع کردیں گے۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ بینکوں کو کم شرح سود پر مکانوں کے لیے مالی اعانت فراہم کرنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن حکومت نے 5 سے7 فیصد شرح سود پر گھریلو قرضوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جس کے لیے بینکوں کو متعدد مراعات ملیں گی۔

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے زیر اہتمام ‘نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں مواقع’ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نپڈا کے چیئرمین نے امید ظاہر کی کہ بینک اگلے ہفتے تک اپنی سروسز کا تعارف شروع کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بینکوں کو نیا پاکستان ہاؤسنگ فنانسنگ کی پیشکش کے لیے ترغیب دی گئی ہے۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے لیے بڑے اقدامات اٹھائے ہیں جس میں بلڈرز اور ڈیولپرز کے لیے فکسڈ ٹیکس رجیم، رہائش کے منصوبے کو مالی اعانت فراہم کرنے کے لیے نجی بینکوں کو 90 فیصد ٹیکس چھوٹ اور دیگر مراعات شامل ہیں۔

انور علی نے کہا کہ ان سے کم لاگت والے مکانات کی فراہمی اور روزگار کے نئے مواقع کھولنے کے لیے تعمیراتی صنعت کو فروغ ملے گا۔

نیا پاکستان ہاؤسنگ ٹاسک فورس کے چیئرمین ضیغم رضوی نے کہا کہ بینکوں نے پچھلے 70 برس میں صرف 106 ارب روپے کے ہاؤسنگ قرضے فراہم کیے ہیں جو جی ڈی پی کا 0.23 فیصد ہے۔

اس موقع پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سابق چیئرمین شبر زیدی نے کہا کہ انتہائی کم شرح سود پر مالی مدد سے کم لاگت والے مکانات کی تعمیر ممکن ہے جبکہ حکومت کو نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیموں کی کامیابی کے لیے مفت اراضی اور مالی اعانت فراہم کرنا ہوگی۔

علاوہ ازیں کراچی ڈیو لپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کے ڈائریکٹر جنرل آصف اکرام نے کہا کہ کے ڈی اے بلڈرز اور ڈیولپرز کے ساتھ کم لاگت ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے مشترکہ منصوبے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ سندھ میں نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے لیے مفت اراضی فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

ایچ بی ایل کے ہیڈ آف اسلامک فنانس سلیم اللہ شیخ اور میزان بینک کے جنرل منیجر سید تنویر حسین نے کہا کہ بینک کم شرح سود پر کم لاگت ہاؤسنگ اسکیموں کے لیے 80 فیصد مالی اعانت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل اشکار داوڑ نے کہا کہ وہ عمارت کے منصوبوں کی منظوری 10 دن کے اندر فراہم کریں گے اس کے علاوہ تمام متعلقہ محکمے تعاون کریں گے۔



اپنا تبصرہ لکھیں