پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ نوشین شاہ نے بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت سے ملنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
گزشتہ دنوں اداکارہ نے نجی چینل کے ایک پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور دلچسپ سوالوں کے جوابات دیئے۔ پروگرام کے شرکاء سے بھی کھل کر بات چیت کی۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت سے ملنے کی بےحد خواہش ہے۔
میزبان نے تجسس سے سوال کیا کہ آپ کنگنا سے کیوں ملنا چاہیں گی؟
اداکارہ نے بالی ووڈ اداکارہ کو بُرا بھلا کہتے ہوئے کہا کہ جس طرح وہ میرے ملک کے بارے میں اور میری فوج کے بارے میں فضول گفتگو کرتی ہے، اس کی معلومات صفر ہے۔
انہوں نے کنگنا رناوت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مزید کہا کہ انہیں دوسروں کے ملک کے بارے میں معلومات نہیں ہے لیکن پھر بھی پُراعتماد ہو کر باتیں کرتی ہے، ان سے مل کر کہنا ہے کہ اپنی اداکاری پر توجہ دو، اپنی ہدایت کاری پر توجہ دو اور اپنے ملک پر توجہ دو۔
میزبان نے نوشین شاہ کا جواب سن کر کہا کہ جس طرح آپ نے پُرجوش ہوکر کہا کہ کنگنا سے ملنا ہے، ایک لمحے کے لئے لگا آپ ان کر پرستار ہیں۔
نوشین شاہ نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ایک روز واقعی ان کے ساتھ بیٹھنا ہے اور پوچھنا ہے کہ آپ یہ سب کیسے جانتی ہیں۔