وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نواز شریف جتنی مرضی چاہیں سخت بات کریں ان پر بغاوت کا مقدمہ قائم نہیں ہونا چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف ایک اسٹریٹجی پر عمل کر رہے ہیں کہ اور وہ اسٹریٹجی یہ ہے کہ وہ خود کو ایک سیاسی ملزم ثابت کرنا چاہتے ہیں حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کے خلاف بدعنوانی کے وہ کیسز ہیں جن کے الزامات پاکستان میں نہیں لگے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ایک پورا انٹرنینشل اسکینڈل آیا جس میں ان کا اور ان کے بچوں کا نام آیا، اب وہ خود مے فیئر میں بیٹھے ہوئے ہیں، ان کے دو بچے برطانوی شہری ہیں اور ان کی ساری جائیداد بھی بچوں کے نام پر ہے، ایک بیٹی کو پاکستان کی بیٹی بنا کر وہ یہاں پر سیاست کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آپ کا پاکستان میں نہ کوئی معاشی دلچسپی ہے اور نہ ہی آپ کا کوئی سیاسی اثاثہ ہے تو پاکستان میں تو آپ کرنا کیا چاہ رہے ہیں، نواز شریف چاہ رہے ہیں کہ پاکستان کے اداروں پر مسلسل تنقید کر کے انہیں سیاسی کردار ملے اور ان کے مقدمات سے حکومت ہاتھ اٹھا لے اور ان کے خلاف کیسز ختم ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی اس وقت جو جدو جہد ہے وہ سیاسی جدو جہد تو نہیں ہے، ان کی جدوجہد اپنے مقدمات سے جان چھڑانے کی ہے اور اس کے لیے وہ تمام بیانیہ بھی بنا رہے ہیں اور اسی وجہ سے جو ن لیگ پاکستان میں ہے وہ نواز شریف صاحب کے ساتھ نہیں ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے دو اجلاسوں سے لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا تھا جس کے بعد حکومتی اراکین کی جانب سے ان کی تقاریر نشر کرنے پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا جا رہا تھا۔