لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے کوٹ لکھپت جیل آنے والا لیگی کارکن راشد بابر شہباز شریف کی گاڑی کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔
کوٹ لکھپت جیل میں جمعرات کا روز قیدیوں سے ملاقات کے لیے مختص ہے اور اسی مناسبت سے مریم نواز اور شہباز شریف سمیت (ن) لیگی رہنما نوازشریف سے ملاقات کرنے کے لیے کوٹ لکھپت جیل پہنچے۔
اس دوران کوٹ لکھپت جیل کے باہر (ن) لیگی کارکنوں کے رش کے باعث بھگدڑ مچی اور ایک کارکن راشد بابر شہباز شریف کی گاڑی کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔
کارکن راشد بابر نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے لیے گوجرانوالہ سےکوٹ لکھپت جیل پہنچا تھا۔
شہباز شریف نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری نوٹس لے لیا اور زخمی کارکن کو اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے زخمی کارکن کے لیے علاج کے تمام اخراجات ادا کرنےکا اعلان کیا اور کہا کہ لیگی کارکن ہمارا اثاثہ ہیں۔
زخمی ہونے والے لیگی کارکن کو طبی امداد کے لیے جنرل اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومتی احکامات پر جیل انتظامیہ نے آج نواز شریف کی سیاسی ملاقاتیں منسوخ کردی ہیں اور صرف شریف فیملی کو ملاقات کی اجازت ہے