’نواز، شہباز اور زرداری کیلئے پلی بارگین اور جیل کے سوا کوئی آپشن نہیں‘


اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نوازشریف، شہبازشریف اور آصف زرداری کے لیے قانون میں پلی بارگین اور جیل کے سوا کوئی آپشن نہیں۔

وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات کا نیب کی جانب سے حمزہ شہباز کی گرفتاری کی کوششوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن لاہور میں کل سے ایک ڈرامہ چل رہاہے جس کے مرکزی کردار حمزہ شہباز ہیں، حمزہ شہباز گھر کے تہہ خانے میں چھپے ہیں اور انہوں نے خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوٹنے والوں اور سیاستدانوں میں تفریق کرنا ہوگی، جرم کو سیاست کی ڈھال نہیں بننے دینا چاہیے لہٰذا حمزہ شہباز کو خود کو نیب کے حوالے کردینا چاہیے، وقت آگیا ہے کہ سیاست اور جرم میں فرق کیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ زرداری اور شریف خاندان کی معصوم سی خواہش ہےکہ ان سے کوئی نہ پوچھے لیکن یہ نہیں ہوسکتا آپ قوم کے اربوں روپے کھالیں اور کوئی نہ پوچھے، نوازشریف، شہبازشریف اور آصف زرداری کے لیے قانون میں پلی بارگین اور جیل کے سوا کوئی آپشن نہیں۔

فواد چوہدری کا اسلامی نظریاتی کونسل پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کا فتوی دیکھا ہےکہ ہتھکڑی لگانا بھی غیرشرعی ہے، عجیب سی بات ہے جب کرپٹ پر ہاتھ ڈالتے ہیں تو ہمیں اسلام یاد آجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب اور نوازشریف کےکرتوتوں کی وجہ سے پاکستان میں معاشی حالات اس جگہ پر پہنچے، عمران خان جس ملک میں بھی جا رہے ہیں وہاں سے سرمایہ کاری پاکستان میں آرہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایمنسٹی اسکیم کی منظوری دے دی ہے اور وزیرخزانہ اسد عمر سمیت معاشی ٹیم ایمنسٹی اسکیم کی خدوخال بنارہی ہے جس کا جلد اعلان ہوگا۔


اپنا تبصرہ لکھیں