بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ہیک کرکے ہیکرز نے ’چندے‘ کی اپیل کردی۔
بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کی ذاتی ویب سائٹ (نریندرا مودی ڈاٹ ان) سے منسلک ان کے تصدیق شدہ اکاؤنٹ کو ہیک کیا گیا تھا۔
ہیکرز نے بھارتی وزیر اعظم کے (نریندرا مودی-ان) اکاؤنٹ کو ہیک کرکے اس پر ’چندے‘ کی اپیل کی چند ٹوئٹس کر ڈالیں۔
ہیکرز نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وزیر اعظم کے کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے قائم کیے گئے خصوصی فنڈ میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے ’چندے‘ جمع کروائیں۔
ہیکرز نے عوام کو بتایا کہ انڈیا میں اب بٹ کوائن کو بھی قبول کیا جا رہا ہے، اس لیے لوگ بٹ کوائن کے ذریعے بھی ’چندہ‘ دے سکتے ہیں۔
نریندر مودی کے ہیک کیے گئے اکاؤنٹ سے ہیکرز نے چند دیگر ٹوئٹس بھی کیں، تاہم بعد ازاں ان تمام ٹوئٹس کو ڈیلیٹ کردیا گیا۔
اسی حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر نے تصدیق کی کہ وہ نریندر مودی کے اکاؤنٹ ہیک کیے جانے کے معاملے سے باخبر ہیں اور وہ اس ضمن میں تفتیش جاری رکھے ہوئےہیں۔
ٹوئٹر ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی وزیر اعظم کے ٹوئٹر ہینڈل کو مزید محفوظ کرنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ نریندر مودی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ہیک کیے جانے کے معاملے پر بھارتی وزیر اعظم کے دفتر اور ان کی ٹیم نے کوئی جواب نہیں دیا اور نہ ہی ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر اس حوالے سے کوئی وضاحت کی گئی۔
یاد رہے کہ نریندر مودی کا ذاتی ٹوئٹر ہینڈل الگ ہے جب کہ وزیر اعظم بھارت کا ٹوئٹر الگ ہے۔
نریندرمودی کے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹس بھی دو ہیں اور دونوں تصدیق شدہ ہیں۔
نریندرمودی کے جس اکاؤنٹ کو ہیک کیا گیا، اس پر ان کے 25 لاکھ فالوؤرز تھے جب کہ ان کے دوسرے ٹوئٹر اکاؤنٹ (نریندرا مودی) پر ان کے 6 کروڑ سے زائد فالوورز ہیں۔
جب کہ بھارتی وزیر اعظم دفتر کے ٹوئٹر ہینڈل پر 4 کروڑ سے کم فالوورز ہیں۔