نجی شعبے کے ماہرین کو سول سروس میں شامل کرنے کے فیصلے نے نئی بحث چھیڑ دی

نجی شعبے کے ماہرین کو سول سروس میں شامل کرنے کے فیصلے نے نئی بحث چھیڑ دی


اسلام آباد: بیوروکریٹس کو منافع بخش انتظامی عہدوں کی اجازت دینے اور نجی شعبے کے ماہرین کو سول سروس میں شامل کرنے کے قابل بنائے جانے کے حکومتی اقدام نے وفاقی دارالحکومت میں ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔

چند بیوروکریٹس نے حکومت کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایم پی اسکیلز کھلنے سے زیادہ رابطے میں رہنے والے افسران کو فائدہ ہوگا۔

ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ ‘جو لوگ حکومت، وزرا یا وفاقی سیکریٹری کی نظر میں اچھے ہیں وہ ایم پی اسکیل حاصل کرسکیں گے’۔

ایک اور بیوروکریٹ نے کہا کہ نجی شعبے سے تقرر سے بیوروکریسی میں اصلاحات لانے کی حکومت کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے امریکا کی طرز پر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ پیشہ ور افراد کو وفاقی وزارتوں میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہیں سرکاری طور پر ‘تکنیکی مشیر’ کہا جائے گا اور نجی شعبے میں مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق ایک مقررہ مدت کے لیے ادائیگی کی جائے گی۔

پالیسی تجاویز اور ماہرین کی رائے کے مطابق انہیں وفاقی سیکریٹریز اور وزیروں کے نیچے رکھا جائے گا۔

تاہم بیوروکریٹ نے کہا کہ مختلف وزارتوں میں وفاقی سیکریٹریز تکنیکی ماہرین کے لیے وسیع اختیارات کی مخالفت کر رہے ہیں اور وہ متعلقہ وزیر کی براہ راست نگرانی میں کام کرنے کے امکان پر خوش نہیں ہیں۔

وفاقی سیکریٹریز کا اصرار ہے کہ ماہرین، ان پٹ کو وفاقی سیکریٹریز کے ذریعے وزرا تک پہنچاتے ہیں۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ محمد شہزاد ارباب نے کہا کہ اس سے سرکاری ملازمین کو رکن پارلیمنٹ اسکیل کے لیے بیرونی افراد سے مقابلہ کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت اعلیٰ یونیورسٹیز سے ڈاکٹریٹ اور ماسٹرز کی ڈگری رکھنے والے اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد ڈونر ایجنسیوں کے لیے کام کر سکتے ہیں تاہم حکومت نے کبھی بھی اپنی صلاحیت کو اپ گریڈ کرنے کے لیے ان کی مہارت کو استعمال کرنے کی زحمت نہیں کی۔

اعداد و شمار کے مطابق 20-2019 میں وفاقی حکومت (سیکریٹریٹ اور منسلک محکموں) میں افرادی قوت کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 65 ہزار تھی۔

ان میں سے 13 ہزار سیکریٹریٹ میں، 8 ہزار آئینی اداروں میں، 5 لاکھ 44 ہزار منسلک محکموں میں اور 3 لاکھ 90 ہزار خودمختار، نیم خودمختار اداروں اور کارپوریشنز میں کام کر رہے ہیں۔

عام شہری ملازمین کی مجموعی تعداد 9 لاکھ 55 ہزار ہے۔

وفاقی حکومت کے 95 فیصد ملازمین کا تعلق گریڈ ایک سے 16 سے ہے اور انہیں وفاقی حکومت کے مجموعی اجرتی بل کا 80 سے 85 فیصد ادا کیا جارہا ہے۔

منتقلی

حال ہی میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر اعجاز منیر کو 15 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ پر نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی کا ریکٹر مقرر کیا گیا تھا۔

اس سے قبل معروف افضل نے سول سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ حاصل کیا جہاں انہیں ماہانہ 17 لاکھ روپے تنخواہ ملے گی۔

وہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔

رواں سال کے آغاز میں نوید کامران بلوچ، جو ایک اچھے رابطے رکھنے والے افسر ہیں، ورلڈ بینک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 60 سے زائد مشاورتی اجلاس کے بعد سول سروس اصلاحات کو حتمی شکل دی گئی، عشرت حسین

سرکاری ملازمین ڈیپوٹیشن پر بین الاقوامی ایجنسیوں میں کام کرسکتے ہیں تاہم وہ اس وقت تک ایم پی اسکیل کے عہدوں کے اہل نہیں ہیں جب تک کہ وہ ملازمت سے مستعفی نہ ہوں۔

بعض اوقات سرکاری ملازمین منافع بخش پیکیج پر بین الاقوامی ایجنسیوں کی نمائندگی کا انتخاب کرتے ہیں، مثال کے طور پر ایشین ڈیولپمنٹ بینک، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ وغیرہ۔

حکومت نے اب سرکاری ملازمین سے استعفیٰ دیے بغیر اپنی پوری سروس کے دوران سرکاری ملازمین کو زیادہ سے زیادہ 5 سال ایم پی اسکیل پر کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے دو سال قبل 15 وزارتوں میں ایم پی اسکیل کی منظوری دی تھی۔

ان وزارتوں اور ڈویژنز کے نام یہ ہیں: سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، خزانہ، بجلی، پیٹرولیم، آبی وسائل، تجارت، ایوی ایشن، قومی فوڈ سیکیورٹی، صنعت و پیداوار، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونکیشن، ماحولیاتی تبدیلی، بحری امور، ٹیکسٹائل انڈسٹری اور قومی صحت سروسز۔

ایم پی اسکیل پالیسی کے شیڈول 2 کے مطابق ایم پی ون کا پیمانہ 22 گریڈ کے برابر ہے، ایم پی ٹو 21 گریڈ اور ایم پی تھری 20 گریڈ کے برابر ہے۔

ایم پی ون کے لیے 14 سال کے تجربے کے ساتھ پی ایچ ڈی یا 18 سال کے ساتھ ماسٹرز کی ڈگری ضروری ہے۔

ایم پی 2 کے عہدے کے لیے پی ایچ ڈی اور 10 سالہ تجربہ یا ماسٹرز کی ڈگری کے ساتھ 14 سال کا تجربہ درکار ہے جبکہ ایم پی 3 کے لیے پی ایچ ڈی کے ساتھ 6 سال کا تجربہ یا ماسٹرز کے ساتھ 10 سال کا تجربہ درکار ہے۔

حکومت کی جانب سے پیش کی گئی پالیسی نے تنخواہوں کی بالائی حد کو ختم کردیا ہے۔

وزارت خزانہ کی جانب سے ایم پی اسکیل میں منتخب ہونے والوں کی تنخواہ کا تعین وزیر اعظم کی منظوری سے ہوگا۔

22 جون کو اس پالیسی کو نوٹیفائی کرنے سے قبل ایم پی ون کے لیے ماہانہ ادائیگی کی حد 7 لاکھ، ایم پی 2 کے لیے 4 لاکھ 13 ہزار روپے اور ایم پی 3 کے لیے 2 لاکھ 32 ہزار روپے تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں