نانا پاٹیکر جھوٹے انسان ہیں: تنوشری دتا

نانا پاٹیکر جھوٹے انسان ہیں: تنوشری دتا


بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تنوشری دتا نے ساتھی فنکار نانا پاٹیکر کو جھوٹا قرار دے دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نانا پاٹیکر نے حالیہ انٹرویو میں ماضی میں اپنے خلاف عائد ہراسانی کے الزامات کی تردید کی۔

اداکار نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ تمام الزامات جھوٹے ہیں،اس لیے میں ناراض نہیں ہوا اور نہ ہی کبھی اس بارے میں بات کی، یہ سب پرانی باتیں ہیں۔ ہم ان کے بارے میں کیا بات کر سکتے ہیں؟ سب کو حقیقت معلوم ہے کہ ایسا کچھ نہیں ہوا تھا۔

تاہم اب ان کے خلاف ’می ٹو‘ کا الزام عائد کرنے والی اداکارہ تنوشری دتا نے نانا پاٹیکر کے بیان پر ردعمل ظاہر کیا اور بتایا کہ انہوں نے 6 برس بعد خاموشی کیوں توڑی۔

انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ میں ان کے خلاف قتل کی سازش، مجرمانہ دھمکی اور جسمانی نقصان پہنچانے کا ایک اور مقدمہ دائر کرنے والی ہوں۔ اس لیے وہ خوفزدہ ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ان کی حمایت کرنے والے ختم ہوچکے ہیں یا پھر دیوالیہ ہوچکے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق نانا پاٹیکر پیتھولوجیکل جھوٹے ہیں، لوگ ان کی غلط بیانی کو دیکھ رہے ہیں اور اب ایک بار پھر وہ آ گئے ہیں، ایک 6 سال پرانے الزام پر اب جواب دے رہے ہیں، وہ دماغی طور پر جھوٹے ہی ہیں۔

واضح رہے کہ تنوشری دتا نے 2018 میں نانا پاٹیکر، کوریوگرافر گنیش اچاریا اور ڈائریکٹر ویویک اگنی ہوتری پر غلط طرح چھونے اور ان کے ساتھ غیر محفوظ محسوس کرنے کا الزام عائد کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

یاد رہے کہ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 2008 کی فلم ’ہارن اوکے پلیز‘ کی شوٹنگ کے دوران نانا پاٹیکر نے انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کی کوشش کی۔


اپنا تبصرہ لکھیں