ایلون مسک کی جانب سے یکم اپریل کو صارفین کے اکاؤنٹس سے بلیو ٹِک ہٹائے جانے کے اعلان کے بعد کئی نامور شخصیات نے اپنے ویریفائیڈ اکاؤنٹ کے لیے ماہانہ 8 ڈالر ادا کرنے سے انکار کردیا ہے۔
یاد رہے کہ قبل ازیں ٹوئٹر کی جانب سے سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں متعارف کرا دیا گیا تھا جہاں صارفین اب ماہانہ فیس کے عوض ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بلیو ٹِک حاصل کر سکتے ہیں۔
جو صارفین ٹوئٹر بلیو ٹک کی سبسکرپشن حاصل نہیں کریں گے انہیں یکم اپریل سے بلیو ٹکس کی سہولت فراہم نہیں کی جائے گی۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ کے سی ای او ایلون مسک کے مطابق گزشتہ روز ٹوئٹر سے 42 ہزار صارفین بلیو ٹک ہٹا لیے گئے ہیں۔
کینیڈین اداکار ولیم شیٹنر، نامور امریکی باسکٹ بال کھلاڑی لیبرون جیمز سمیت متعدد شخصیات نےبلیو ٹک کی سبسکرپشن حاصل نہ کرنے کہ فیصلہ کرتے ہوئے ٹوئٹس کیں۔
ایک ویب سائٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس بھی بلیو ٹک کی سبسکرپشن حاصل نہیں کرے گا۔
وائٹ ہاوس اور جو بائیڈن جیسے سرکاری اکاؤنٹس میں اب بھی سرمئی (گرے) رنگ کے چیک مارک موجود ہیں، خیال رہے کہ گرے بیجز پر کوئی سبسکرپشن فیس نہیں ہے۔
نیو یارک ٹائمز، دی واشنگٹن پوسٹ، اور دی لاس اینجلس ٹائمز جیسے اہم ذرائع ابلاغ اور یہاں کام کرنے والے ملازمین نے بھی بلیو ٹک کی سبسکرپشن حاصل نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔